625

عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری کا نام ای سی ایل میں شامل

وزارت داخلہ نے یہ اقدام قومی احتساب بیورو کی درخواست پر اٹھایا ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ زلفی بخاری کا آف شور کمپنیوں کے بارے میں مقدمہ چل رہا ہے اور انھیں اس بارے میں متعدد بار پیش ہونے کے نوٹس بھی جاری کیے جا چکے ہیں۔
وزارت داخلہ کے ایک اہلکار کے مطابق زلفی بخاری کا نام ایگزٹ کنرول لسٹ میں شامل کرنے کی منظوری نگراں وزیر داخلہ کی سربراہی میں بننے والی ایک سب کمیٹی نے دی ہے۔
اس سے پہلے عمران خان اور زلفی بخاری کا سعودی عرب میں عمرے کی ادائیگی کے لیے نور خان ایئربیس سے مبینہ طور پر متعقلہ حکام سے اجازت لیے بغیر جہاز کے ٹیک آف کرنے اور لینڈ کرنے کا معاملہ بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر سماعت رہا ہے۔
وزارت داخلہ کے اہلکار کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کا نام بھی ای سی ایل میں شامل کیا گیا ہے۔ فواد حسن فواد آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی میں مبینہ طور پر کی گئی بے قاعدگیوں کے مقدمے میں نیب کی تحویل میں ہیں۔
نواز شریف کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کے زیر استمعال پاکستانی پاسپورٹ بلاک کردیے گئے ہیں جس کے بعد اب وہ پاکستانی پاسپورٹ استعمال نہیں کر سکیں گے۔
اہلکار کے مطابق ان دونوں بھائیوں کے نام بلیک لسٹ میں بھی شامل کیے گئے ہیں جبکہ انھیں وطن واپس لانے کے لیے انٹرپول سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں عدالت میں پیش نہ ہونے پر حسن اور حسین نواز کو اشتہاری قرار دیا ہوا ہے۔ اس کے علاوہ دونوں ملزموں کی پاکستان میں موجود جائیداد کی ضبطگی کے احکامات بھی جاری کر رکھے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں