598

اسلامی جمہوریہ پاکستان کے یوم آزادی کے پرمسرت موقع پر تمام اہل وطن کو مبارک

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے یوم آزادی کے پرمسرت موقع پر تمام اہل وطن کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن خوشی اور اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر بجالانے اور اس عہد کو تازہ کرنے کا ہے کہ ہم متحد اور یکجان ہوکر ان مقاصد کیلئے جدوجہد کریں جن کیلئے پاکستان حاصل کیا گیا تھا۔ شاعر مشرق علامہ اقبالؒ نے جنوبی ایشیاء کے مسلمانوں کیلئے ایک آزاد و خودمختار ریاست کا خواب دیکھا اور بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے ولولہ انگیز تحریک کے ذریعے اس خواب کو تعبیر کی شکل دی۔ آج ہمیں ان عظیم شہیدوں کو بھی یاد رکھنا چاہئے جنہوں نے آزادی کی خاطر اپنا سب کچھ قربان کردیا اور جانیں نچھاور کیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ آج کا دن خوداحتسابی کا دن ہے ہمیں سوچنا ہوگا کہ ماضی کی کون سی غلطیوں او رکوتاہیوں کی وجہ سے ہم اپنی دوسری ہم عمر قوموں سے پیچھے رہ گئے ہیں۔ ہمیں اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ساری توانائیاں پاکستان کی تعمیر و ترقی پر مرکوز کرنے ہونگے۔ دہشتگردی اور انتہا پسندی کیخلاف ہمیں اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرنا ہوگاجو وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انتہا پسندی اور دہشتگردی کیخلاف مسلح افواج، پولیس فورس اور تمام متعلقہ اداروں کی قربانیاں اور کوششیں قابل ستائش ہیں۔ ہم اپنے ان شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ملک کی دفاع اور انتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ پاکستان میں عوام کی حاکمیت، آئین کی حکمرانی، قانون کی بالادستی اور جمہوریت کی کارفرمائی کیلئے ہم اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ اسلام ہمیں محبت، رواداری اور حسن سلوک کا درس دیتا ہے۔ آزادی کی نعمتوں کے تحفظ کیلئے ہمیں اپنے معاشرے میں باہمی تعاون اور خیرسگالی کو فروغ دینا ہوگا۔ آج کے دن ہمیں عہد کرنا چاہئے کہ علامہ اقبال ؒ کی فکر اور بابائے قوم ؒ کے نظریات کے تحت ہم ایمان و یقین، اتحاد و اتفاق اور نظم و ضبط کے ساتھ پاکستان کو ترقی کی راہوں پر گامزن ایک مضبوط و خوشحال ملک بنانے کی جدوجہد رکھیں۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر ہمیں ان اصول و ضوابط کی پاسداری کو یقینی بنانا ہو گا جو قائداعظم محمد علی جناح ؒنے پاکستان کو ایک ترقی یافتہ فلاحی اور حقیقی جمہوری ریاست بنانے کیلئے وضع کئے تھے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ بطور قوم ہمیں سخت محنت، ایمانداری اور عزم کے ساتھ ایک ترقی یافتہ پاکستان کیلئے پالیسیاں وضع کرنا ہوں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں