662

ملیحہ لودھی کو دنیا کی پانچ کامیاب سفارتکار خواتین میں شامل کرد یا

ماسکو:روس کی معروف نیوز ویب سائٹ گیزیٹا ڈاٹ آر یو نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو دنیا کی پانچ کامیاب سفارتکار خواتین میں شامل کرد یا ہے ۔

روس کی سرکاری نیوز ایجنسی نے گیزیٹا ڈاٹ آر یو کی ویب سائٹ کی رپورٹ کے حوالے سے کہا ہے کہ ڈاکٹر ملیحہ لودھی مسلم دنیا میں ایک معروف خاتون شخصیت ہیں۔ صحافت میں شاندار کیرئیر کے بعد ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے امریکہ کے لئے بطور پاکستانی سفیر اوربرطانیہ میں ہائی کمشنر کیحیثیت سے خدمات سرانجام دیں ۔ ملیحہ لودھی پہلی پاکستانی خاتون ہیں جنہوں نے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب اور چیف ڈیلیگیٹ کی حیثیت سے فرائض سر انجام دیئے۔

1994ءمیں ٹائم میگزین نے ان کا شمار 100 ایسی شخصیات میں کیا جنہوں نے 21 ویں صدی میں ہونے و الی پیشرفت میں اہم کردار ادا کیا۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے 2001ءسے 2005ءتک اقوام متحدہ کے سیکٹری جنرل کے تخفیف اسلحہ کے امور کے ایڈوائزری بورڈ میں خدمات سرانجام دیں اور وہ لندن میں قائم انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز کی ایڈوائزری کونسل کی رکن بھی ہیں۔

ڈاکٹر ملیحہ لودھی کے کیرئیر پر روشنی ڈالتے ہوئے روسی ویب سائٹ نے کہا ہے کہ جرنلزم میں کامیابی نے ان کے سفارتکاری کے کیرئیر کی راہ ہموار کی ۔سابق وزیراعظم پاکستان بینظیر بھٹو مرحومہ نے انہیں امریکہ کے لئے پاکستان کا سفیر تعینات کیا اور انہوں نے اس عہدہ پر 3 سال تک کام کیا اس کے بعد دوبارہ انہوں نے اسی عہدہ پر نئی مدت کے لئے فرائض سر انجام دیئے۔

ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا انتخاب معروف روسی صحافی الیگزینڈرا کولنتائی کی یاد میں کیا گیا ہے جنہوں نے نہ صرف بطور صحافی عالمگیر شہرت حاصل کی بلکہ انہوں نے ناروے میں روسی سفیر کیحیثیت سے بھی خدمات سرانجام دیں۔

ڈاکٹر ملیحہ لودھی کے ساتھ جن دیگر خواتین کا انتخاب کیا گیا ہے ان میں یونیسکو کی سابق ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل روسی سفارتکار ایلونورامتروفانووا،کرغزسفارتکار اور سابق وزیر خارجہ روزا اوتن بائیوا، روس میں ہالینڈ کی سابق سفیر رینی جونز باس، امن کا نوبل انعام حاصل کرنے والی سویڈن کیخاتون سفارتکار الوا مردال شامل ہیں۔خیال رہے کہ ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ میں کشمیر مسئلے کو بار بار اٹھایا اور بھارت کو منہ توڑ جواب دیتی رہی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں