گلگت (سٹی رپورٹر) انسپکٹر جنرل آف پولیس ثناء اللہ عباسی نے کہا ہے کہ شدت پسندی میں ملوث پولیس اہلکاروں کی مکمل چھان بین کی جائے گی اب تک ملوث ہونے والے گرفتار پولیس اہلکاروں کی سزا سے دوسرے بھی سبق حاصل کرینگے۔ جمعہ کے روز اپنے دفتر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شدت پسند عناصر کیخلاف گھیرا تنگ کردیا گیا اور شدت پسندی میں ملوث عناصر کیخلاف دیامر اور غذر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہے۔ تعلیمی اداروں اور پولیس پر حملہ کرنے والے شدت پسند عناصر کیخلاف ایک بریگیڈ فوج بھی سرچ آپریشن میں حصہ لے رہی ہے۔ شدت پسندوں کیخلاف میں پولیس نے جو بھی تفتیش کی ہے اس میں اہم انکشافات ہوئے ہیں اور شدت پسند عناصر تک پہنچنے میں مدد ملی ہے۔ آئی جی پولیس نے کہا کہ ماہ محرم کیلئے سیکورٹی پلان ترتیب دینے کیلئے ماہر پولیس آفیسرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مدد لی جائے گی۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا محرم میں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور عمائدین علاقے میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرینگے تاکہ اس ماہ میں دشمن طاقتوں کی سازش ناکام رہے دوسری جانب انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان ثناء اللہ عباسی کی سربراہی میں پولیس ہیڈ کوارٹرز میں اجلاس ہوا۔ جس میں فیصلہ کیا گیا کہ جی بی پولیس میں تین مذید ڈویژن بنائے جائیں گے ۔جن میں سکیورٹی ڈیژن ،ٹورازم ڈیژن اور نالہ ڈیژن شامل ہونگے ۔خطر ات کے پیش نظر گن مین اور گاردات کی ڈیوٹیز کے لئے سکیورٹی ڈویژن کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ خطے میں سیاحت کے فروغ اور سیاحوں کی حفاظت کے لئے ٹورازم ڈویژن بنائی جائے گی۔ جبکہ سماج دشمن عناصر اور دہشت گردی کی روک تھام اور مانیٹرنگ کے لئے پولیس اہلکاروں پر مشتمل نالہ ڈویژن کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔ آئی جی پی نے ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی جو ایک ہفتہ کے اندر ان نئے ڈویژنوں کے مستقل بنیادوں پر قیام کے حوالے سے سفارشات مرتب کریگی۔ کمیٹی کی رپورٹ کے بعد حکومت کو سفارشات بھیجی جائیں گی کہ جی بی پولیس میں نفری کی کمی کو پورا کیا جائے۔ تا کہ ضرورت کے مطابق ان کو مختلف اہم اضلاع میں ڈیوٹی پر تعینا ت کیا جا سکے۔ ثناء اللہ عباسی نے مذید کہا کہ ہائی الٹی چوڈ پولیس پہلے ہی سے فرائض سر انجام دے رہی ہے اس کی نفری میں بھی اضافہ کیا جاے گا ۔ہیومن ریسورس کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے مزید پوسٹوں کی تخلیق کے لئے حکومت کو کیس بھجوا رہے ہیں جو رقبہ ، آبادی، جرائم کی شرح اوردیگر چیلنجز کے عین مطابق ہو تاکہ جی بی پولیس اپنے فرائض مذید خوش اسلوبی ،اطمینان اور یک سوئی کے ساتھ سرانجام دے سکے ۔ میٹنگ میں سی پی او کے تمام اے آئی جیز اور متعلقہ آفیسران نے شرکت کی۔
731









