922

راجہ شہبازچیف الیکشن کمشنر تعینات، نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا

وزیراعظم عمران خان نے راجہ شہباز خان کو چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان تعینات کردیا ہے۔ وزیراعظم کی منظوری سے گلگت بلتستان کونسل نے راجہ شہباز خان کی بطور چیف الیکشن کمشنر تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔گورنر گلگت بلتستان نے 8 جنوری2019 کو چیف الیکشن کمشنر کیلئے تین ناموں پر مشتمل سمری وزیراعظم کو ارسال کی تھی۔سمری میں گلگت بلتستان سپریم اپیلٹ کورٹ کے سابق جسٹس مظفر حسین، گلگت بلتستان چیف کورٹ کے چیف جج جسٹس صاحب خان اور انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج راجہ شہباز خان کے نام شامل تھے تاہم گورنر گلگت بلتستان نے سمری میں راجہ شہباز خان کو چیف الیکشن کمشنر تعینات کرنے کی سفارش کی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کیپٹن( ر) محمد شفیع نے گورنرکی جانب سے ارسال کردہ سمری میں راجہ شہباز خان کو چیف الیکشن کمشنر تعینات کرنے کی سفارش کے خلاف وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان کو باضابطہ خط بھی لکھا تھا جس میں راجہ شہباز کو چیف الیکشن کمشنر تعینات نہ کرنے کا مطالبہ کیاگیا تھا۔راجہ شہباز خان اس وقت گلگت بلتستان انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج ہیں جبکہ انہیں صدر پاکستان نے تمغہ شجاعت سے بھی نوازاگیا ہے۔واضح رہے کہ گلگت بلتستان کے سابق چیف الیکشن کمشنر طاہر علی خان کی ریٹائرمنٹ کے بعد سے چیف الیکشن کمشنر کا عہدہ تین سال سے خالی پڑا ہواتھا۔چیف الیکشن کمشنر کی عدم تعیناتی سے گزشتہ دو برس سے گلگت بلتستان اسمبلی کی ایک نشست پر انتخابات نہیں کرایا جا سکا ہے۔ اب نئے چیف الیکشن کمشنر کیلئے ہنزہ کی خالی نشست پر جلد الیکشن کرانا اور آئندہ عام انتخابات کیلئے تیاریوں کا امتحان درپیش ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں