643

گلگت بلتستان میں نیشنل ایکشن پلان کا غلط استعمال ہورہا ہے۔سیاسی بنیادوں پرمحب وطن افراد کو فورتھ شیڈول میں ڈالا جارہا ہے

گلگت (چیف رپورٹر) گلگت بلتستان میں نیشنل ایکشن پلان کا غلط استعمال ہورہا ہے۔سیاسی بنیادوں پرمحب وطن افراد کو فورتھ شیڈول میں ڈالا جارہا ہے۔دہشت گردی کے خلاف دیامر میں آپریشن کو یقینی بنایا جائے جس کا دیامر گرینڈ جرگے نے بھی مطالبہ کیاہے۔دیامر سے ملحق تمام نالوں میں سخت سیکورٹی کو یقینی بنایا جائے اور محرم الحرام سے پہلے گلگت کے تمام انٹری پوائنٹس پر چیکنگ کو موثر بنایا جائے۔مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے رہنما شیخ نیئر عباس مصطفوی کی قیادت میں وفد نے آئی جی پی سے ملاقات کرکے علاقے میں سیکورٹی مسائل پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے اراکین حاجی رضوان علی اور بی بی سلیمہ، محمد الیاس صدیقی، غلام عباس، عارف قنبری ودیگر وفد کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں نے فورتھ شیڈول کے ناجائز استعمال پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اس قانون کے صحیح استعمال کا مطالبہ کیا۔دہشت گردی کا قلع قمع کرنے اور علاقے میں امن کے فروغ کیلئے آپریشن کلین اپ کیا جائے۔گلگت اور دیگر ضلعی ہیڈکوارٹرز میں موجود غیر مقامی افراد کا مکمل ڈیٹا جمع کیا جائے۔رہنماؤں نے کہا کہ جی بی پولیس کو مکمل غیر سیاسی بناتے ہوئے تقرریوں کو میرٹ پر انجام دیا جائے۔اس موقع پر آئی جی پی جناب ثناء اللہ عباسی نے کہا کہ فورتھ شیڈول میں جن افراد کو محض سیاسی بنیادوں پر ڈالا گیا ہے تو اس حوالے سے مکمل تحقیقات کی جائیگی اور کسی بھی فرد کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی۔دیامر آپریشن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ گرفتار ہوئے ہیں اور ان سے تحقیقات جاری ہیں ان گھناؤنے جرم میں جو بھی ملوث پایا گیا قانون کی گرفت سے بچ نہیں پائے گا۔انہوں نے وفد کو بتایا کہ دیگر اضلاع میں بھی دہشت گردی میں ملوث افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور یہ سلسلہ آخری دہشت گرد کی گرفتاری تک جاری رہے گا۔محرم الحرام کے دوران سیکورٹی کے حوالے سے آئی جی پی نے موقع پر موجود ایس ایس پی اور آئی جی سپیشل برانچ کو فوری احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ گلگت شہر میں کومبنگ آپریشن کو مزید تیز کریں تاکہ محرم میں پرامن ماحول کو یقینی بنایا جاسکے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں