گلگت—– شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے چار جوانوں کی نمازجنازہ گلگت میں ادا کردی گئی۔ گزشتہ روز شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے 7جوان شہید ہوئے تھے جن میں سے پانچ کا تعلق گلگت بلتستان سے تھاجن میں سے چار جوانوں کی نمازجنازہ گلگت آرمی ہیلی پیڈ میں ادا کردی گئی ،اور سپردخاک کرنے کے لئے آبائی علاقوں کی جانب روانہ کردیا گیا، نماز جنازہ میں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن ، فورس کمانڈر میجر جنرل ثاقب محمود ملک ، چیف سیکریٹری بابر حیات تارڈ، ڈپٹی کمشنر سمیع اللہ فاروق سمیت سول و عسکری حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں کی ان قربانیوں کو ہم کبھی فراموش نہیں کریںگے پاک فوج کے جوان دکھ خود رکھ کے ہمیں سکھ کا سانس لینے کا موقع فراہم کرتے ہیں، شہیدوں نے اپنی جان کی قربانی دیکر ثابت کردیا ہے کہ وہ مملکت عزیز کے کسی بھی کونے میں ملک کے مفاد کے لئے اپنی جان کو قربان کرنے سے کبھی دریغ نہیں کرتے، ہم سب مل کر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیں گے، چند بچے کھچے دہشتگرد ہیں، ان کا خاتمہ کرکے دہشتگردی کےخلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ ہم اپنی دھرتی اور ملک کو اپنی جان سے زیادہ عزیز سمجھتے ہیں ہمیں فخر ہے کہ گلگت بلتستان کے لوگوں نے ایسے نڈر اور دلیر جوان پیدا کئے ہیں جن کی قربانیاں ملک کے لئے ہورہی ہے ان شہداءکو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فورس کمانڈر میجر جنرل ثاقب محمود ملک نے کہا کہ پاک فوج نے ملک سے دہشتگردوں کو ختم کرنے کابیڑہ اٹھایا ہے اور اس عزم کی تکمیل کے لئے ہم اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی دریغ نہیں کریںگے، یہ ملک کے اندر چھپے ہوئے دشمنوں اوردیگر دشمن ممالک کے لئے بھی واضح پیغام ہے کہ پاک فوج اپنی دھرتی اور مفادات کا تحفظ ہر حال میں کریگی، دہشتگردوں اور ملک دشمنوں کے لئے زمین تنگ کریںگے ، ان شہیدوں کی قربانیاں ہمارے اوپر قرض ہےں، ان شہیدوں نے جس مقصد کے لئے اپنی جان کا نذرانہ دیا ہے اس مقصد کی تکمیل ہماری زمہ داری ہے ہم ہر قیمت پر اس مقصد کو حاصل کریںگے ۔ اس موقع پر شہداءکے ایصال ثواب اور لواحقین کے صبر و جمیل کے لئے خصوصی دعا کرائی گئی اور پسماندگان سے اظہارہمدردی کیا گیا۔ واضح رہے کہ شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے سات جوانوں میں سے پانچ کا تعلق گلگت بلتستان سے تھا جن میں شہید حوالدار عبدالناصر کا تعلق گونر فارم چلاس، شہید سپاہی سمیع اللہ کا تعلق کریم آبا د ہنزہ، شہید حوالدار امیر علی کا تعلق گلگت ، شہید سپاہی جان کا تعلق گاہکوچ غذر، جبکہ شہید حوالدار عبدالرزاق ساکن استور شامل ہیں۔ وانا میں دہشتگردوں کے ساتھ مقابلے میں شہید ہونے والے گاہکوچ بالا سے تعلق رکھنے والے شہید سپاہی انور علی کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی گاوں گاہکوچ بالا میں سپرد خاک کردیا گیا شہید کی نماز جنازہ میں پاک فوج کے اعلی افسران سمیت غذر سے سیاسی رہنماوں سمیت مقامی لوگ کثیر تعداد میں شریک تھے۔ سپاہی سمیع اللہ کو ان کے آبائی گاﺅں گرلت ہنزہ میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا، شہید کے جنازے میں ہنزہ کے مختلف علاقوں سے سینکڑوں افراد شریک ہوئے۔ اس موقع پر پاک فوج کے حکام نے شہید کے والد حوالدار (ر)حسین اللہ کوقومی پرچم حوالے کیا۔
730









