وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی سابق وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان میں سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے قیام کی منظوری دی ہے جس کیلئے فنڈز بھی فراہم کئے جاچکے ہیں۔ سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے ہیڈکوارٹر کا قیام گلگت میں عمل میں لایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے سیکریٹری داخلہ، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹر اور ڈپٹی کمشنر گلگت کو ہدایت کی ہے کہ سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے ہیڈکوارٹر کی تعمیر کیلئے درکار زمین کیلئے خریداری کا عمل جلد مکمل کریں۔ سپیشل پروٹیکشن یونٹ کیلئے درکار سٹاف کی بھرتیاں میرٹ پر عمل میں لائی جاچکی ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے امن وامان یقینی بنانے کے حوالے سے پولیس فورس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس فورس کی بہتر کارکردگی کی وجہ سے عوام کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ دہشتگردی کیخلاف پولیس فورس نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے جس پر پوری قوم پولیس کے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔ سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے تحت گلگت بلتستان کے مختلف مقامات میں جدید چیک پوسٹوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس میں جوانوں کیلئے ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔سپیشل پروٹیکشن یونٹ کو جدید کمیونی کیشن سسٹم اور جدید اسلحے کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے سپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو) اور ضلعی ہیڈکوارٹرز میں سیف سٹی پروجیکٹ کے قیام کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ منصوبوں میں غیرضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ گلگت سیف سٹی پروجیکٹ کے قیام سے جرائم پر قابو پانے میں خاطر خواہ مدد ملی ہے جس سے مجرموں کی نشاندہی ممکن ہوئی ہے۔ سیف سٹی پروجیکٹ کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلعی ہیڈکوارٹرز میں بھی سیف سٹی پروجیکٹ کے قیام کا فیصلہ کیا جاچکا ہے جس کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ گلگت شہر کے جن مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب نہیں ہیں ان مقامات پر بھی سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے تاکہ پورا شہر کی مانیٹرنگ سیف سٹی پروجیکٹ سے ہوسکے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے سیکریٹری داخلہ، آئی جی پی گلگت بلتستان اور دیگر متعلقہ آفیسران کو ہدایت کی ہے کہ ضلعی ہیڈکوارٹرز میں سیف سٹی پروجیکٹ کے حوالے سے فوری اقدامات کو یقینی بنائیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے سپیشل پروٹیکشن یونٹ اور سیف سٹی پروجیکٹ کے ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے حوالے سے موصول ہونے والی شکایتوں کا نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری داخلہ اور آئی جی پی گلگت بلتستان کو ہدایت کی ہے کہ فوری طور پر ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائیں۔
800









