گلگت(آزان نیوز)صوبائی وزیر بلدیات ودیہی ترقی گلگت بلتستان فرمان علی نے استور حلقہ 1کے بالائی علاقوں کے دورے کے موقع پر عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن والے زبانی جمع خرچ میں اپنا ٹائم ضائع کر رہے ہیں۔اور صوبائی حکومت پر الزامات لگا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ضلع استور میں سابقہ حکومت میں منتخب نمائیندوں نے ایک کلوٹ تک بنانا گوارا نہیں کیا بلکہ سارا وقت سیر سپاٹوں میں ضائع کیا اور استور کے عوام کو سبز باغ دکھایا۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) نے گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں بے شمار ترقیاتی کام کروائے اور اسی طرح ضلع استور میں اربوں روپے کے ترقیاتی سکیموں کا جال بچھایا ہے جن میں بعض پراجیکٹ مکمل ہو چکے ہیں اور بعض تعمیراتی مراحل میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ استور کے عوام کا مطالبہ تھا کہ استور روڑ کو از سر نو تعمیر کیا جائے اور کے کے ایچ طرز کا بنایا جائے جس پر کام جاری ہے اور انشاء اللہ استور ویلی روڑ مثالی بنایا جائے گا جس کی تکمیل سے سیاحت کو فروغ ملے گا اور لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) گلگت بلتستان کو ایک مثالی خطہ بنائی گی تاکہ ملک کے دوسرے حصوں سے آنے والے لوگ گلگت بلتستان کی خوبصورتی اور قدرتی دلفریب نظاروں سے لطُف اندوز ہو سکیں۔
710









