اسلام آباد —وفاقی وزیراطلاعات و نشریات چودھری فواد حسین نے لیگی دور حکومت میں لگائے گئے پاور پلانٹس کے آڈٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ دور حکومت میں مہنگے ترین پاور پلانٹس لگائے گئے اسلئے بجلی کے تمام منصوبوں کے آڈٹ کا فیصلہ کیا ہے ، 2منصوبے کے آڈٹ کا آغاز ہوچکا ہے ،قائداعظم سولر پاور پلانٹ دنیا کا مہنگا ترین پلانٹ ہے ، بھکی ، حویلی بہادر شاہ، ساہیوال کول، پورٹ قاسم پلانٹس سے دنیا کی مہنگی ترین بجلی پیدا کی جارہی ہے۔(ن)لیگ کے آخری دو سالوں میں بجلی کی قیمت بڑھ کر 15روپے 53پیسے ہوگئی جوصارفین کو 11روپے 71پیسے فی یونٹ میں فراہم کر رہے ہیں، جسکی وجہ سے 34سے 36 ارب روپے ہر ماہ گردشی قرضوں میں اضافہ ہو رہا ہے،ن لیگ نے مجرمانہ کارروائیاں کیں، بغیر کسی معاشی منصوبے کے فیصلے کیے اور اتنے بڑے قرضے لیے جن کا بوجھ عوام پر ڈال دیا گیا، ماضی میںجس طرح اداروں سے کھلواڑ کیا گیااس کو سامنے لائیںگے۔ گیس کی قیمت 80 فیصد صارفین کیلئے نہیں بڑھی، امیروں اور فائیو سٹار ہوٹلز کو سبسڈی نہیں دیں گے،ضمنی انتخابات میںتمام جماعتیں مل کر بھی تحریک انصاف کا مقابلہ نہیں کر سکیں ،احتساب کے عمل پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ کرپٹ عناصر کے احتساب کا فیصلہ حکومت کا نہیں پاکستانی عوام کا ہے،وزیر اعظم عمران خان تمام معاملات پر جلد قوم کو اعتماد میں لیں گے۔وہ منگل کو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ میں قوم کو ان مسائل سے آگاہ کرنا چاہتا ہوں جن کا ہمیں سامنا ہے۔ پچھلی حکومتوں کے کارنامے ختم ہوں گے تو نیا پاکستان کا قیام عمل میں آئے گا۔ حکومت کی 40 روزہ کارکردگی پر تنقید کی جارہی ہے ۔پالیسیوں پر عملدرامد کیلئے 9 سے 10 ماہ درکار ہوں گے،نئے پاکستان کے اثرات جلد نظر آئیں گے۔مسلم لیگ (ن) نے اداروں کے ساتھ کھلواڑ کیا پچھلی حکومتوں نے قرضے لئے ان پلانٹس میں ملوث تمام افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔جب احتساب کا کہا جاتا ہے تو جمہوریت خطرے میں پڑ جاتی ہے،احتساب کے عمل پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا،کرپٹ عناصر کا ہر حال میں احتساب جاری رہے گا۔ لوگ کہتے ہیں کہ اپوزیشن کے ساتھ بنا کر رکھنی چاہئے اگر ایسا کرنا ہے تو پھر تحریک انصاف کے آنے کی ضرورت نہیں تھی۔ کرپٹ عناصر کے احتساب کا فیصلہ حکومت کا نہیں پاکستانی عوام کا ہے،مردہ لوگوں کے اکائونٹس سے پیسے نکل رہے ہیں پاکستان کے لوگوں نے پاکستان کا فیصلہ کرنا ہے۔ عوام دیکھیں پاکستان کوایسے ہی چلانا چاہئے یا اس میں بہتری کی ضرورت ہے۔ گزشتہ حکومت کی غلط پالیسیوں کا الزام موجودہ حکومت کو دینا درست نہیں۔ہم نے منی لانڈرنگ کے خلاف نیا فریم ورک تیار کیا ہے ہم نے ہائوسنگ کی بڑی اسکیم شروع کی ہے آئندہ آنے والے دن پاکستان کے روشن ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ ای سی سی کے اجلاس میں بجلی کی قیمتوں پر بحث نہیں کی گئی ،وزیر توانائی عمر ایوب چائنہ کے دورے پر ہیں اگلی ای سی سی میٹنگ میں بجلی کی قیمتوں پر بات چیت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی نے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کئے ہیں۔ تمام جماعتیں مل کر بھی تحریک انصاف کا مقابلہ نہیں کر سکیں،سیاست میں تحریک انصاف نے ایک نئی جہلت متعارف کرائی ہے، ضمنی الیکشن میں حکمران جماعت نے مثال قائم کرتے ہوئے الیکشن سے لاتعلق رہی۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بہت بڑی سرمایہ کاری پاکستان میں آ رہی ہے،چندروز میں بڑی خوش خبریاں ملنے والی ہیں، پاکستان کو سعودی عرب ، چین اور یواے ایکی بڑی حمایت حاصل ہے پاکستان عالمی دنیا میں تنہا نہیں کھڑا ہے۔ ہمارا مستقبل بہتری کی طرف جائے گا۔ ڈیزل اور تیل کی قیمت ابھی بھی کم ہے گیس کی قیمت 80 فیصد لوگوں کے لئے نہیں بڑھی،زراعانت کا فائدہ عام آدمی کو پہنچانا چاہتے ہیں امیروں کو نہیں،فائیو سٹار ہوٹلز کو سبسڈی کیوں دی جائے؟ بڑے لوگوں کے لئے ہم نے قیمتیں بڑھائی ہیں جب ہمارے پاس گیس ہوگی تو امیروں کے لئے بھی سستی کریں گے۔ غریب عوام کے لئے وہی قیمتیں ہیں ہم ڈاکوئوں کو پکڑ رہے ہیں ہم ملک کو چلانے کے لئے قرضے لے رہے ہیں۔ جب درآمدات کم اور برآمدات بڑھیں گی تو فائدہ حاصل ہوگا ۔8ارب روپے گورنر ہائوسز اور پرائم منسٹر ہائوس کا خرچ تھا۔ مراد سعید نے گاڑیاں نیلام کی ہیں لوگ بھوکے مررہے ہیں اور ہم گاڑیاں کھڑی کرکے رکھ دیں ہم نے غریبوں کو ریلیف دینا ہے۔ بیرون ملک دوروں کے اخراجات میں واضح کمی کی ہے۔زرمباردلہ کے ذخائر بڑھانے کیلئے 4 مرحلوں میں کام ہو رہا ہے،وزیراعظم ہاؤس میں نیلام ہونیوالی گاڑیوں کی دیکھ بھال پر 35 کروڑ روپے خرچ ہوتے رہے۔وزیر اعظم عمران خان تمام معاملات پر جلد قوم کو اعتماد میں لیں گے۔
686









