
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن صوبے کے دوردراز علاقوں کیلئے خطیر رقم سے خریدے جانے والی موبائل ہسپتالوں کا باقاعدہ افتتاح 28جون کو گلگت کلمہ چوک پر کریں گے اسی طرح ڈپٹی سپیکر گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی جعفر اللہ خان29جون کو گھڑی باغ کے مقام پر اور 30جون کو صوبائی وزیر تعمیرات ڈاکٹر محمد اقبال دنیور میں موبائل ہسپتالوں کا افتتاح کریں گے۔ واضح رہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے پہلے مرحلے میں 3موبائل ہسپتالوں کی خریداری عمل میں لائی گئی ہے جن کی خریداری تقریباً ساڑھے 5کروڑ کی رقم سے عمل میں لائی گئی ہے۔ موبائل ہسپتال جدید طبی سہولیات سے مکمل آراستہ ہیں۔ موبائل ہسپتالوں میں گائنی کالوجسٹ اور دیگر ماہر ڈاکٹرز خدمات سرانجام دیں گے جدید موبائل ہسپتالوں میں ایکسرے مشین، مائیکرو لیب، سکشن مشین، الٹراساؤنڈ مشین، آکسیجن کنسنٹریٹر، او پی ڈی، آئی سی یو، سی سی یو،ای سی جی مشین، آٹو کلیو، بی پی آپریٹر،کارڈک مانیٹر سمیت دیگر طبی جدید سہولیات کی سہولت میسرہوگی۔

وزیر اعلیٰ سپیشل ہیلتھ انیشیٹیو کے تحت پہلے مرحلے میں خریدے جانے والے جدید موبائل ہسپتالوں کو دیامر اور بلتستان ڈویژن کو دیئے جائیں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں اسی طرز کے مزید 5موبائل ہسپتالوں کی خریداری عمل میں لائی جارہی ہے جن کو بتدریج مختلف اضلاع کو فراہم کئے جائیں گے تاکہ جدید موبائل ہسپتالوں کے ذریعے صوبے کے دور افتادہ علاقوں کے عوام کو ان کے دہلیز پر جدید طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے گی۔ حکومت گلگت بلتستان کی ترجیحات میں صحت کا شعبہ سرفہرست ہے اسی لئے صحت کے حوالے سے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کے خصوصی اقدامات کے تحت صوبے میں پہلی مرتبہ موبائل ہسپتال متعارف کرائے جارہے ہیں۔









