گلگت(چیف رپورٹر) پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے مرکزی منشور میں گلگت بلتستان کے اہم ایشوز کی شمولیت آئینی حقوق کی طرف اہم پیشرفت ہے۔ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی قیادت نے ان ایشوز کے حوالے سے پارٹی چیئرمین اور دیگر مرکزی قیادت کو بریف کیا تھا۔پیپلز پارٹی گلگت بلتستان ماضی کی غلطیاں نہیں دہرائے گی بلکہ میرٹ کی بحالی اور تعمیر و ترقی کے نئے جذبے کے ساتھ میدان میں اتری ہے۔پیپلز پارٹی کی بتدریج آئینی اور انتظامی اصلاحات کی بدولت دیگر جماعتیں بھی گلگت بلتستان کی جانب متوجہ ہوئیں۔گلگت بلتستان کی ستر سالہ محرومیوں کا ازالہ اب پیپلز پارٹی کے منشور کا حصہ ہے۔پیپلز پارٹی کو مینڈیٹ ملا تو نواز لیگ کے تمام غیر آئینی اقدامات کو کالعدم قرار دیا جائے گا۔جگلوٹ سکردو کے حوالے سے ایف ڈبلیو او کی بریفنگ بہت ضروری تھی اب اس اہم روڈ اور پلوں کے حوالے سے تمام خدشات دور ہو گئے ہیں اور امید ہے کہ عالمی معیار کی سڑک تعمیر ہوگی۔موجودہ صوبائی حکومت میگا پراجکٹس کی بات کرتی ہے دراصل اس کے پس منظر میں میگا کرپشن کی کہانیاں ہیں۔صوبائی حکومت کی اب تک کی کارکردگی گلگت بلتستان کے وسائل لوٹنے اور ٹھیکوں کی بندر بانٹ کے سوا کچھ نہیں. پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے عوام کے مسائل کے حل کے لئے نئے عزم و جزبے کے ساتھ میدان میں موجود ہے اور صوبائی حکومت کو عوام کے حقوق غصب نہیں کرنے دینگے.پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے عوام سے ناانصافی نہیں ہونے دے گی اور ان کے حقوق کے لئے ہمہ وقت جدوجہد کرتی رہے گی
694









