سکردو(پ۔ر) پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش کی زیر صدارت پیپلز پارٹی میڈیا سیل,سوشل میڈیا اور سکریٹری اطلاعات کا اہم اجلاس سکردو میں منعقد ہوا جس میں شعبہ اطلاعات کے حوالے سے تفصیلی گفت و شنید کی گئی۔اجلاس کے شرکا نے صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش کی بہترین کارکردگی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ بطور سکریٹری اطلاعات پیپلز پارٹی کی جس بھرپور انداز میں ترجمانی کر رہی ہیں اس کی تاریخ میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سعدیہ دانش نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے میڈیا اور سوشل میڈیا سیل کو پہلے سے زیادہ فعال,وسیع اور بہتر بنایا جائے گا تاکہ پارٹی منشور اور ترجیحات کو بروقت اور بہترین انداز میں عوام تک پہنچایا جا سکے اور گلگت بلتستان کے اہم عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کے ساتھ صوبائی حکومت کے عوام دشمن اقدامات,کرپشن,اقربا پروری, میرٹ کی پامالی اور ٹھیکوں کی بندر بانٹ کے خلاف میڈیا پر موثر انداز میں آواز اٹھائی جاسکے اور عوام میں آگہی پیدا کی جاسکے۔عصر حاضر میں میڈیا کی اہمیت سے صرف نظر نہیں کیا جاسکتا۔صوبائی سکریٹری اطلاعات نے شعبہ اطلاعات,میڈیا اور سوشل میڈیا ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ ناکافی سہولیات کے باوجود یہ شعبہ بخوبی اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہا ہے اور امید کرتی ہوں کہ نئے اقدامات کے بعد اس میں مذید بہتری آئے گی انہوں نے مذید کہا کہ آپس میں بہتر رابطہ کاری اور مشاورت کے لئے بہت جلد پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے شعبہ اطلاعات سے وابستہ عہدیداروں کی مشترکہ میٹنگ بلائی جائے گی جس سے عہدیداروں کی کارکردگی مذید مربوط اور بہتر بنائی جاسکے گی۔عہدیدار پارٹی کے قواعد و ضوابط کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے اپنی تمام تر سہولیات بروئے کار لائیں گے اور مقامی صحافیوں سے اچھی ریلیشن شپ وابستہ رکھیں گے۔ پارٹی کے شعبہ اطلاعات سے وابستہ کارکنوں کے مسائل اور مشکلات کا بخوبی علم ہے اس سلسلے میں مرکزی قیادت کو تجاویز بھیج دی گئیں ہیں۔اجلاس میں شعبہ اطلاعات کی بہتری کے لئے شرکا کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا
660









