755

ڈاکٹروں کی مستقلی کے حوالے سے ایکٹ کی تیاری میں کسی قسم کی تاخیر نہیں کی جائے

گلگت (پ ر)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے صوبائی وزیر قانون کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ ڈاکٹروں کی مستقلی کے حوالے سے ایکٹ کی تیاری میں کسی قسم کی تاخیر نہیں کی جائے اور آئندہ کابینہ اجلاس میں ڈاکٹر وں کی مستقلی کے حوالے سے ریگولرئزیشن ایکٹ پیش کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے گلگت بلتستان چیمبر آف کامرس کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاجروں کے مسائل کا احساس ہے گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی میں تجارت کا کلیدی کردار رہاہے۔ چیئرمین ایف بی آر سے تاجروں کے مسائل حل کرنے کے حوالے سے رابطے میں ہیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ تاجروں کے جائز مطالبات حل کئے جائیں۔ وی بوک سسٹم کے نفاذ سے قبل تاجروں اور کسٹم آفیسران کو بات چیت کرنا چاہئے تھا۔ مسلم لیگ ن کی حکومت نے گلگت بلتستان کیلئے پانچ سال ٹیکس میں چھوٹ دیا ہے۔ گلگت بلتستان کے تاجروں کو اس رعایت سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ آئندہ سال سے قبل انڈسٹریل زون کا کام مکمل کیا جائے گااور سرمایہ کاروں کو انڈسٹریل زون میں خصوصی مراعات دیئے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ صوبے میں بجلی کے میگامنصوبے شروع کئے جارہے ہیں۔ گلگت بلتستان میں معدنیات، زراعت، پولٹری، فشریز، ہوٹل انڈسٹری میں بہت مواقع موجود ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں