694

گلگت بلتستان ہمارا گھرہے ، نفرت کے بیج بونے والوں کو معاف نہیں کریں گے، میجر جنرل احسان محمود

چلاس فورس کمانڈر ناردرن ایریاز میجر جنرل احسان محمود نے کہا کہ دیامر کے لوگ امن پسند اور محب وطن پاکستانی ہیں، یہاں امن کی بحالی ہماری پہلی ترجیح ہے، امن کی راہ میں رخنہ ڈالنے والوں کی سرکوبی کریں گے اور اور ان عناصر کے خلاف سختی سے نمٹیں گے۔سرکٹ ہائوس چلاس میں دیامرکے عوام سے خطاب کرتے ہوئے۔انہوں نے کہا کہ دیامر میں تعلیم کے فروغ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اْٹھائیں گے، غریب بچوں کو مفت تعلیم دلائیں گے، معذور افراد کی آرمی کے ہسپتالوں میں مفت علاج کرائیں گے، تمام نالہ جات میں فری میڈیکل کیمپ قائم کریں گے، یتیموں اور مسکینوں کی مالی تعاون کریں گے اور دیامر کے لوگوں کی زندگیاں عوام کے تعاون اور مدد سے بدل دیں گے۔فورس کمانڈر نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان پاکستان کے ماتھے کا جومر ہیں اور یہاں کے نوجوان اپنی صلاحیتوں کے لحاظ سے کسی بھی شعبے میں کسی سے بھی پیچھے نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان ہمارا گھرہے اس گھر میں نفرت کے بیج بونے والوں کو معاف نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ دیامر میں شرپسند عناصر خود کو جرگے کے حوالے کریں ورنہ انجام برا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ متاثرین دیامر ڈیم کے مسائل سے آگاہ ہوں، متاثرین کے مسائل حل کرنے کیلئے کوششیں کی جائیںگی، دیامر کے دور دراز علاقوں میں مواصلات کا نظام بحال کریں گے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے صحافی کھٹن دور سے گزررہے ہیں اور زمہ دارانہ رپورٹنگ کرتے ہیں۔صحافی اپنے علاقے کے سوفٹ امیج کو اجاگر کریں۔انہوں نے کہا کہ دیامر میں امن کی بحالی تک فوج یہاں رہے گی، فوج یہاں دیامر کے لوگوں کی حفاظت کیلئے آئی ہوئی ہے۔جب جرگہ کہے گی کہ اب دیامر میں فوج کی ضرورت نہیں پھر فوج یہاں سے واپس چلی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ ریاستی ادارے ایک پیج پر ہیں اور ریاست کے بہتر مفاد کیلئے تمام ادارے یک جان ہیں۔انہوں نے کہا کہ دیامر کے بزرگوں کا ہم احترام کرتے ہیں اور ان کی رائے کو مقدم رکھیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں