623

وفاقی حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان کے ترقیاتی بجٹ میں 2ارب کا کٹ لگایا گیا،حفیظ الرحمن

گلگت(پ ر)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان کے ترقیاتی بجٹ میں 2ارب کا کٹ لگایا گیا ہے۔ وزیر اعظم پاکستان سے ملاقات میں ترقیاتی بجٹ پر لگائے جانے والے کٹ سے ترقیاتی منصوبوں کے متاثر ہونے کے بارے میں آگاہ کیا ہے زبانی یقین دہانی کے باوجود تحریری طور پر ترقیاتی بجٹ پر لگائے جانے والے کٹ کے خاتمے کا کوئی حکم نامہ جاری نہیں ہواہے۔ گلگت بلتستان حکومت مفاد عامہ کے منصوبوں کو کسی صورت متاثر نہیں ہونے دے گی۔ وسائل کی تقسیم اس انداز میں کی جائے گی کہ کوئی بھی منصوبہ متاثر نہ ہو۔ گلگت بلتستان ملک کا واحد صوبہ ہے جس کا ترقیاتی بجٹ 100فیصد استعمال ہورہاہے جو گڈ گوررننس کی مثال ہے۔ محکمہ تعمیرات ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور رفتار کو ہر صورت یقینی بنائے۔ صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے۔ عوام کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے جس کے کئی منصوبے التواء کا شکار ہیں۔ ان منصوبوں میں مزید تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اگر متعلقہ محکمے کا کوئی آفیسر منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر کا باعث بن رہاہے تو اس کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔ محکمہ تعمیرات عوام کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی کے منصوبوں کے حوالے سے 10دنوں میں رپورٹ وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ کو پیش کرے۔ تعمیر و ترقی مسلم لیگ ن کا ایجنڈا ہے ترقیاتی منصوبوں کو کسی صورت متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا ۔ مفاد عامہ کے میگا منصوبوں کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے منصوبے تعمیر کئے جائیں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی حکومت کی جانب سے ترقیاتی بجٹ پر کٹ لگانے کے باوجود بڑے منصوبے متاثر نہیں ہونے دیئے جائیں گے اس حوالے سے متبادل منصوبہ بندی کی جائے گی۔ پبلک پرائیویٹ پارنٹر شپ کے تحت میگا پروجیکٹس تعمیر کئے جائیں گے اس حوالے سے کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے محکمہ صحت، تعلیم اور ڈیزاسٹرمینجمنٹ میں قائم انڈومنٹ فنڈز کے استعمال کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو درپیش مسائل کو حل کرنے صوبائی حکومت کی ترجیح ہے۔ نادار اور مستحق مریضوں کے علاج و معالجے کیلئے محکمہ صحت میں انڈومنٹ فنڈ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ انڈومنٹ فنڈ کے استعمال کے حوالے سے کابینہ اجلاس میں حتمی پالیسی کی منظوری دی جائے گی تاکہ نادار اور مستحق مریضوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی جاسکے۔ محکمہ تعلیم میں بھی انڈومنٹ فنڈ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے تاکہ ایسے ہونہار طالب علم جو مالی وسائل نہ رکھنے کی وجہ سے تعلیم جاری نہیں رکھ سکتے ان کی مدد کی جائے اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کی جاسکے۔ کابینہ اجلاس میں پالیسی کی منظوری کے بعد گلگت بلتستان کے طالب علم انڈومنٹ فنڈ سے مستفید ہوںگے۔ ڈیزاسٹرمینجمنٹ میں بھی انڈومنٹ فنڈ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ وفاق میں جب مسلم لیگ ن کی حکومت تھی تو گلگت بلتستان کے مریضوں کا بڑے ہسپتالوں میں علاج و معالجے کیلئے 33کروڑ روپے کے بلات مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے ادا کئے تھے اسی طرح محسن گلگت بلتستان محمد شہباز شریف نے 40 کروڑ روپے سے گلگت بلتستان کے مختلف مریضوں کا علاج کرایا تھا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ پہلی مرتبہ گلگت بلتستان کے صحت،تعلیم اور ڈیزاسٹرمینجمنٹ میں انڈومنٹ فنڈز قائم کئے گئے ہیںان کے استعمال میں مزید تاخیر نہیں کی جائے تاکہ عوام کے مسائل حل ہوسکے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ صوبائی حکومت پوزیشن ہولڈرز طلباء و طالبات کیلئے عمرہ پالیسی متعارف کرائے گی۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان آرڈر2018کی منظوری کے بعد منرلز، پاور اور جنگلات کے محکمے گلگت بلتستان کو مل گئے ہیںگلگت بلتستان آرڈر2018کے حوالے سے رول آف بزنس کو ایک ہفتے میں حتمی شکل دے کر متعلقہ فورم میں پیش کیا جائے۔ گلگت بلتستان آرڈر2018کی منظوری کے بعد گلگت بلتستان کو دیگر صوبوں کے برابر اختیارات مل چکے ہیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ گلگت کے زمینوں کے معاوضوں کے مسائل حل نہ ہونے سے منصوبوں کی تعمیر میں مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہاہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے سیکریٹری داخلہ کریکٹرز کی سفارشات کی روشنی میں زمینوں کی قیمتوں کا تعین جلد از جلد اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن کا اجراء کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں