725

انڈیا کی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی کوشش آگ سے کھیلنے کے مترادف ہوگی-صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش

گلگت (پ۔ر) پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ انڈیا کی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی کوشش آگ سے کھیلنے کے مترادف ہوگی اور بھارتی فوج کو ارتھی اٹھانے اور چتا جلانے والا نہیں ملے گا۔پاکستانی قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے۔پاکستان کی جانب سے امن کی خواہش دونوں جانب کے اربوں لوگوں کے بہترین مستقبل کے لئے ہے۔ہمیں کشت و خون کے بجائے تعمیر و ترقی کے میدان میں مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔ لیکن اسکے برعکس انڈیا کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔ اگر انڈیا جنگ چاہتا ہے تو ارض پاک کا ہر فرد مادر وطن کی حفاظت کے لئے سپاہی بن کر کھڑا ہے۔بھٹو شہید کی دی ہوئی جوہری طاقت,بے نظیر شہید کی دی ہوئی میزائل ٹیکنالوجی, بہترین,منظم اور بہادر مسلح افواج کی بدولت وطن عزیز کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیرستان میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کو پوری قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔قوم کے محفوظ مستقبل کے لئے اپنی جان نچھاور کرنے والے ہمارے محسن ہیں۔قوم کو ان عظیم سپوتوں پر ناز ہے جن کی بدولت ہم آزاد فضاوں میں سانس لے ریے ہیں۔گلگت بلتستان کے جوانوں نے وطن عزیز کے لئے ہمیشہ بڑھ چڑھ کر قربانیاں دیں ہیں اور اپنے لہو سے وفاداری کی تاریخ رقم کی ہے۔وزیرستان میں شہید ہونے والے جوانوں نے ایک بار پھر گلگت بلتستان کے عوام کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔پاکستان سے محبت اور وفاداری گلگت بلتستان کے عوام کے انگ انگ میں رچی بسی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں