692

غیر ملکی سیاح لاکھوں کی تعداد میں روزانہ گلگت بلتستان داخل ہورہے ہیں

گلگت(خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیرسیاحت فداخان فدا نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں قیام امن کے بدولت ملکی اور غیر ملکی سیاح لاکھوں کی تعداد میں روزانہ گلگت بلتستان داخل ہورہے ہیں جس کی وجہ سے سیاحت کے شعبے میں نمایا ترقی ہورہی ہے اذان سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ شندور پولو فیسٹول کے حوالے سے گلگت بلتستان حکومت نے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی ہے اس پولوفیسٹول کی کامیابی کے لئے خیبر پختون خواہ حکومت اور گلگت بلتستان حکومت دونوں کی کاوشیں شامل ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت علاقے میں سیاحت کے شعبے میں ترقی کے لئے دن رات کام کررہی ہے اور گلگت بلتستان میں آنے والے سیاحوں کو تمام تر سہولیات فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔گلگت بلتستان میں سیاحت کے شعبے میں گزشتہ تین سالوں میں ریکارڈ تبدیلی آئی ہے جوکہ نیک شگون ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی کے دور حکومتوں میں نہ صرف شعبہ سیاحت تباہ ہوئی تھی بلکہ تمام شعبوں کو تباہی کے دہانے پر پہنچادیا گیا تھا مگر گلگت بلتستان میں مسلم لیگ ن کی حکومت قائم ہونے کے بعد علاقے میں پائیدار امن کے قیام کے لئے حکومت نے افواج پاکستان سمیت ریاستی اداروں کے تعاون سے عملی اقدامات اٹھائے جس کے بدولت گلگت بلتستان میں گزشتہ تین سالوں سے پائیدار امن قائم ہے امن وامان کی بہتر صورتحال کی وجہ سے گلگت بلتستان ترقی کے ایک نئے دور میں داخل ہوا ہے خطہ میں تین سالوں کے دوران اتنے ترقیاتی کام ہوئے ہیں جس میں ماضی میں مثال نہیں ملتی ہے۔وزیرسیاحت نے کہا کہ گلگت بلتستان کو بین القوامی سطح پر پرامن ترین خطہ قراردیاگیا ہے جس کے باعث آج ملکی اور غیر ملکی سیاح لاکھوں کی تعداد میں روزانہ گلگت بلتستان داخل ہورہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں