اسلام آباد—-وزیر اعظم ہائوس نے سپریم اپیلیٹ کورٹ کے نئے چیف جسٹس کی تعیناتی کی سمری مسترد کردی،زرائع کے مطابق گورنر گلگت بلتستان کی جانب سے وفاقی محتسب کے لیگل ایڈوائزر حافظ احسان احمد کھوکھر کو سپریم اپیلیٹ کورٹ کے نئے چیف جسٹس بنانے کی سمری وزیراعظم کو ارسال کی تھی تاہم پرائم منسٹر ہائوس نے سمری مسترد کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ سمری میں ایک سے زائد ناموں پر مشتمل پینل ہونا چاہیے تھالیکن گورنر گلگت بلتستان کی جانب سے بھیجی گئی سمری میں صرف ایک نام دیاگیا ہے جو کہ ضابطے کے خلاف ہے ، وزیراعظم ہائوس نے ہدایت کہ ہے کہ کم از کم تین نامو ں پر مشتمل سمری بناکر دوبارہ ارسال کی جائے ۔. زرائع کے مطابق اب گلگت بلتستان کونسل اور وزارت امو رکشمیر کی مشاورت سے نئی سمری ارسال کی جائے گی۔واضح رہے کہ وفاقی محتسب کے لیگل ایڈوائزر کو سپریم اپیلیٹ کورٹ کے چیف جسٹس بنانے کا فیصلہ ن لیگ کی حکومت کے آخری ایام میں کیاگیا تھا اس فیصلے کو وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی حمایت حاصل تھی تاہم وزیراعلیٰ نے بعد میں اس بات کی تردید کی تھی، قانون کے مطابق نئے چیف جسٹس کی تقرری کی سمری میں کم از کم تین نام شامل کیے جاتے ہیں تاکم وزیراعظم ان تینوں ناموں پر غورکرکے ان میں سے اہل شخص کو چیف جسٹس لگایا جاسکے۔دوسری جانب گورنر گلگت بلتستان کی جانب سے بھیجی گئی سمری میں صرف ایک نام دیاگیا تھا جس کو وزیراعظم ہائوس نے مسترد کردیا۔
768









