لاہور، اسلام آباد(آن لائن) محکمہ موسمیات نے پیشن گوئی کی ہے کہ رواں سال مون سون کا پہلا حصہ دوسرے حصے کے مقابلے میں زیادہ طاقتور ہوگا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رواں سال مون سون کا پہلا حصہ دوسرے حصے کے مقابلے میں زیادہ طاقتور ہوگا، شمالی علاقہ جات میں مون سون کے پہلے حصہ بارشیں معمول سے زائد ہونے کا امکان جبکہ دوسرے حصے میں معمول سے کم ہونگی پاکستان کے جنوبی حصوں میں معمول کے مطابق بارشیں ہونگی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موجودہ زائددرجہ حرارت کے پیش نظر پنجاب اور گلگت بلتستان میں زائد بارشوں کا امکان ہے جب کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں رواں سال معمول سے کم بارشوں کی توقع کررہے ہیں۔ مون سون کی بارشوں کا سلسلہ15جولائی سے 15ستمبر تک جاری رہے گا اور اس دوران اگلے 3 روز کی پیش گوئی کا سلسلہ بھی جاری رہے گا اور پیش گوئی کے ذریعے بارشوں کی شدت کے بارے میں تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔ صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں قدرت کو روزے داروں پر آخر کار ترس آہی گیا اوربارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا جب کہ کراچی میں بھی موسم صبح سے ہی ابر آلود ہے۔تفصیلات کے مطابق لاہور ، فیصل آباد ،ساہیوال، جھنگ، پاک پتن، میاں چنوں، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ بارش کے بعد گزشتہ چند روز کے دوران گرمی کی شدت میں ہونے والے اضافے میں کمی واقع ہوگئی۔اسلام آباد میں بھی بادل چھا گئے اور تیز ہوائیں چلنے لگیں جب کہ محکمہ موسمیات نے راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

719









