694

اصلاحات کے معاملے پر جذبات کی بجائے ہوش سے کام لینا ہوگا، رکن اسمبلی حاجی رضوان

ایم ڈبلیو ایم کے رکن اسمبلی حاجی رضوان نے کہا ہے کہ اصلاحات کے معاملے پر جذبات کی بجائے ہوش سے کام لینا ہوگا، حاجی رضوان کا کہنا تھا کہ ان کیمرہ بریفنگ میں اپوزیشن نے جذبات کا مظاہرہ کیا، ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ ان کی بریفنگ کے بعد ہم ادھر ہی بیٹھ کر بحث کرتے اور ڈرافت میں موجود خامیوں اور خرابیوں کی نشاندہی کرتے کیونکہ یہ مسئلہ روڈ پر نہیں ٹیبل پر ہی حل ہوگا چونکہ اپوزیشن کا فیصلہ تھا اس لئے ہم بھی باہر آگئے وگرنہ ہم اس پر بحث کرتے اور کمزوریوں کو حکومت کے سامنے رکھتے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے اپنی بریفنگ تو دیدی اس کا جواب دینے کے بجائے واک آئوٹ کرنا دانشمندی نہیں تھی۔ یہ معاملہ جذبات سے حل نہیں ہوگا۔ اس پر مل بیٹھ کر غور کرنا ہوگا اور ساری خرابیوں کی نشاندہی کرکے حکومت کو پیش کیا جانا چاہیے تھا۔ کوئی بھی مسئلہ روڈ سے ہوتے ہوئے میز پر ہی پہنچ کر حل ہوتا ہے۔ اب پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے دھرنا دینے جارہے ہیں تو اس سے پہلے ضروری تھا کہ اپوزیشن ہوش سے کام لیتے ہوئے مجوزہ پیکیج میں موجود خرابیوں کی نشاندہی کرکے اس کو ایک ڈرافت کی شکل دے دیتے اور اس ڈرافٹ کو حکومت کے سامنے رکھ دی اور بتا دیتے کہ ان خامیوں کو دور کرنے کی ضرورت ہے پھر بھی حکومت ان خامیوں کو دور کرنے میں کوتاہی برتے اور انکار کرے تو اس صورت میں احتجاج کا راستہ اختیار کرنا چاہیے تھا۔ ایک سوال کے جواب میں حاجی رضوان کا کہنا تھا کہ پھر بھی ہم اپوزیشن ممبران کو قائل کرنے کی کوشش کریں گے کہ احتجاج اور دھرنے سے پہلے ہم اس ڈرافٹ پر غور کریں اور خامیوں کو نکال کر اس کو ایک اور ڈرافٹ کی شکل دے کر حکومت کو پیش کیا جائے اگر حکومت ان خامیوں کو دور نہیں کرتی تو پھر ہمیں احتجاج اور دھرنوں کا راستہ انتخاب کرنا چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں