پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما و رکن اسمبلی جاوید حسین نے کہاہے کہ نگر کے غیور عوام اورپارٹی کے جیالے کارکن پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے تاریخی استقبال کیلئے ایک ہزارگاڑیوں کے قافلے کے ساتھ گلگت پہنچیں گے اور18اکتوبرکے جلسے میں شریک ہونگے انہوںنے نگر میں پارٹی کے سینئررہنمائوں کے ساتھ ایک اہم اجلاس کے بعد کے پی این سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نگر کے ہزاروں عوام اورپارٹی کارکن 18نومبر کے جلسے میں شریک ہونگے اور پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صوبائی قائد امجد حسین ایڈووکیٹ پراعتماد کا اظہار کریں گے ۔انہوںنے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کے مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے یا کمی ہوئی اس کا اندازہ 18نومبر کے جلسے میں ہوگا ہم نے تمام تیاریاں مکمل کی ہیں 18نومبر کا جلسہ گلگت کی تاریخ کا ایک بہت بڑا جلسہ ہوگا۔انہوںنے کہا کہ جلسے میں ہم گلگت بلتستان کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں اورآئینی حقوق کے حوالے سے تفصیل سے بات کریںگے۔انہوںنے ایک سوال کے جواب میں بتایاکہ صوبہ سندھ میں پی پی کی حکومت قائم ہے اورہماری کوشش ہے کہ سندھ حکومت سے اپنے علاقے کیلئے عوامی مفاد کے حامل کوئی منصوبہ حاصل کریں انہوں نے بتایا کہ ہم چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو بھی بتادیں گے کہ گلگت بلتستان کے عوام پانچواں آئینی صوبہ چاہتے ہیں اس حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی قومی اسمبلی اورسینٹ میں آواز بلند کرے۔
804









