691

سیکرٹری فنانس اور پی اینڈ ڈی کو ہدایت کی گئی کہ PC-IV جلد از جلد جمع کروائیں تاکہ گلگت بلتستان کے پڑھے لکھے نوجوانوں کے لیے سرکاری اداروں میں روزگار کے مواقع میسر آسکیں

گلگت (چیف رپورٹر)چیف سیکرٹری گلگت بلتستان، جناب بابر حیات تارڑ، کی زیر صدارت ماہانہ سیکرٹریز کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں گزشتہ ماہ سیکرٹریز کمیٹی میں کیے گئے فیصلہ جات کے نفاز کا جائزہ لیا گیا۔ نیز مفاد عامہ میں دوررس فیصلہ جات کیے گئے۔ اہم فیصلہ جات مندرجہ ذیل ہیں: جناب چیف سیکرٹری نے تمام محکمہ جات کے سیکرٹری صاحبان کو فیلڈ وزٹ کرنے کی ہدایت کی تاکہ وہ مختلف اضلاع میں اپنے محکمے کی کارکردگی کو جانچنے کے ساتھ ساتھ مقامی افراد کے مسائل سے بھی بخوبی آگاہ ہوسکیں۔ تمام محکمہ جات کے افسران کو 31 اکتوبر سے پہلے پہلے محکمانہ کاروائی مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔ تمام محکمہ جات کو صاف اور سرسبز پاکستان مہم میں مثبت اور فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت کی گئی۔ نیز اس ضمن میں نجی شعبے کے اشتراک کو بھی یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ مزید برآں محکمہ جنگلات صاف اور سرسبز پاکستان منصوبے کے تحت کیے گئے اقدامات کی رپورٹ ہر ماہ چیف سیکرٹری آفس کو ارسال کرنے کا پابند ہوگا۔ سیکرٹری فنانس اور پی اینڈ ڈی کو ہدایت کی گئی کہ PC-IV جلد از جلد جمع کروائیں تاکہ گلگت بلتستان کے پڑھے لکھے نوجوانوں کے لیے سرکاری اداروں میں روزگار کے مواقع میسر آسکیں۔ امن کمیٹیوں کو مزید فعال کیا جائے گا۔ ٹورازم، سوشل ویلفیئر اور انفارمیشن ڈیپارٹمنٹس کو ہدایت کی گئی کہ علاقائی ثقافت، سیاحت اور گلگت بلتستان کی پاکستان کے دوسرے علاقوں اور بیرونی دنیا میں صحیح تشخص کو اجاگر کرنے میں کردار ادا کریں۔ چیف سیکرٹری نے گلگت بلتستان میں پاکستان کے جدید ترین آئی ٹی سسٹم ”گلگت بلتستان سروس پورٹل” کا آغاز کرنے کے احکامات جاری کیے۔ اس پورٹل کے ذریعے لوگ گھر بیٹھے سرکاری اداروں کی مختلف سروسز سے مستفید ہوسکیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ لوگ اپنی قیمتی آراء چیف سیکرٹری تک پہنچا سکتے ہیں اور اپنی شکایات کو درج بھی کروا سکتے ہیں۔ گلگت بلتستان کے باشعور اور پڑھے لکھے نوجوانوں کو ترقی کے عمل اور فیصلہ سازی میں شامل کرنے کے لیے ”چیف سیکرٹری یوتھ وولنٹیرز” اسکیم کا بھی افتتاح کر دیا گیا ہے۔ جس کے ذریعے نوجوانوں کو ترقیاتی سکیموں کو چیک کرنے اور اس ضمن میں چیف سیکرٹری گلگت بلتستان تک اپنی قیمتی آراء دینے کا اختیار ہوگا۔ لینڈ ایکیوزیشن کے کیسز جلدی نمٹانے اور سرکاری افسران کو بروقت میرٹ پر ترقی دینے کے بھی احکامات جاری کیے گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں