744

ضلع کھرمنگ اپنی ضرورت سے دوگنی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے

کھرمنگ ضلع کھرمنگ اپنی ضرورت سے دوگنی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے. 7 میگا واٹ بجلی پورے ضلعے کو خود کفیل بنا سکتی ہے. اس وقت کھرمنگ 13 سے 14 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی پوزیشن میں ہے, تاہم محکمہ برقیات کی نا اہلی اور عدم دلچسپی کے باعث اس وقت کھرمنگ میں ہی ڈھائی میگاواٹ کا شارٹ فال ہے. کئی گاوں اندھیرے میں ڈوبے رہتے ہیں. بڑی مقدار میں بجلی پیدا کرنے کا پوٹینشل رکھنے والے ضلع کھرمنگ میں سردیوں میں طویل لوڈ شیڈنگ عام سی بات ہے. ضلعے میں محکمہ برقیات کا سیٹ اپ مکمل ہے. ایکسین سمیت افسران اور ملازمین کی فوج ظفر موج تعینات ہے. تکمیل کے مرحلے پر موجود 2 پاور ہاوس سمیت 15 بجلی گھر دامن میں سمیٹے وادی کھرمنگ میں اس وقت صرف ساڑھے 4 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے. ضلعے میں اس وقت 8 بجلی گھروں سے استفادہ کیا جا رہا ہے. 5 بجلی گھر غیر فعال پڑے ہیں. ڈیڈھ, ڈیڈھ میگاواٹ کی پیداواری صلاحیت کے حامل 2 بجلی گھر تیار ہونے کے باوجود فعال نہیں ہو سکے. محکمہ برقیات کی نا اہلی اور غیر ذمہ داری کا منہ بولتا ثبوت یہ کہ مختلف ہائیڈیل سٹیشن سے مقررہ کیپیسٹی سے کم بجلی پیدا کی جا رہی ہے. تمام پاور ہاوس سے ان کی پیداواری صلاحیت کے مطابق بجلی پیدا کرتے ہوئے نیز ڈیڈھ میگاواٹ کے 2 بجلی گھروں کو فعال کرتے ہوئے نہ صرف کھرمنگ کو خود کفیل بنایا جا سکتا ہے بلکہ سکردو شہر کی بھی ضرورت پوری کی جا سکتی ہے. نمائندہ سلام کی تحقیق کے مطابق اس وقت کھرمنگ میں 13 میں سے صرف 8 بجلی گھروں سے استفادہ کیا جا رہا ہے. محکمہ برقیات کی کاہلی اور کچھ تیکنیکی وجوہات کی بنا پر مذکورہ بجلی گھروں سے ان کی پیداواری صلاحیت سے کم بجلی پیدا کی جا رہی ہے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں