614

عمران خان نے گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت کے معاملے میں یوٹرن لے کر ثابت کیا کہ انہیں گلگت بلتستان سے کوئی دلچسپی ہی نہیں ہے

گلگت (پ۔ر) پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ عمران خان نے گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت کے معاملے میں یوٹرن لے کر ثابت کیا کہ انہیں گلگت بلتستان سے کوئی دلچسپی ہی نہیں ہے۔سپریم کورٹ آف پاکستان کے واضح احکامات اور ٹائم فرم کے باوجود اس نازک اور اہم ترین معاملے پر ٹال مٹول سے کام لینا گلگت بلتستان کے عوام کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کے مترادف ہے۔عمران خان کے یوٹرن پر پی ٹی آئی گلگت بلتستان کی مجرمانہ خاموشی بہت بڑا سوالیہ نشان ہے اور اس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ انہیں گلگت بلتستان کے عوام سے نہیں اپنی مراعات سے غرض ہے۔سو دنوں کے نام پر جو ہوائی قلعے تعمیر کئے گئے تھے وہ سب زمین بوس ہو چکے ہیں۔عمران خان کے دعؤں اور شیخ چلی کی کہانیوں میں کوئی فرق نہیں ہے۔گلگت بلتستان کے عوام آنے والے انتخابات میں نواز لیگ اور پی ٹی آئی کو مکمل طور پر مسترد کردیں گے کیونکہ ان دونوں جماعتوں نے گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت کے معاملے میں بدنیتی کا مظاہرہ کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا یوم تاسیس جمہوریت پسندوں کے لئے امید کی کرن ہے۔آج سے اکیاون برس قبل ذوالفقار علی بھٹو نے محروم اور مظلوم طبقات کے مسائل اور دکھ درد کا احساس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی شکل میں انہیں آواز بخشی۔پاکستان پیپلز پارٹی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس کی بنیاد کسی آمریت کی نرسری کے بجائے عوام میں رکھی گئی۔یہی وجہ ہے کہ قیادت اور ہزاروں کارکنوں کی شہادت کے باوجود یہ جماعت آج بھی پاکستان عوام کی سب سے مقبول جماعت ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں