682

وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت سے متعلق سرتاج عزیز کمیٹی کی سفارشات پر نظر ثانی کیلئے ایک اور کمیٹی بنا دی

اسلام آباد وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت سے متعلق سرتاج عزیز کمیٹی کی سفارشات پر نظر ثانی کیلئے ایک اور کمیٹی بنا دی ہے، کمیٹی بنانے کی منظوری گزشتہ روز ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں دی گئی، ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت کیس اور سرتاج عزیز کمیٹی کی سفارشات پر غور کیا گیا، کمیٹی میں سیکرٹری امور کشمیر، سیکرٹری قانون، سیکرٹری فنانس، سیکرٹری دفاع ہونگے جبکہ گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹری کے ساتھ صوبائی حکومت کا ایک نمائندہ بھی کمیٹی میں شامل ہوگا، نئی کمیٹی سرتاج عزیز کمیٹی کی سفارشات کا ازسر نو جائزہ لے گی، ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت جس کی سماعت پندرہ نومبر کو ہوگی میں سپریم کورٹ کو اس کمیٹی سے متعلق آگاہ کریگی اور یہ استدعا بھی کریگی کہ وفاقی حکومت نے اعلیٰ سطح کی کمیٹی بنائی ہے جو سرتاج عزیز کمیٹی کی سفارشات پر نظرثانی کریگی، وفاقی حکومت عدالت سے مزید وقت مانگے گی، ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ اور وفاق کی جانب سے یہ بھی بتایا جائیگا کہ سابقہ حکومت نے جی بی آرڈر 2018ء کو کابینہ کی منظوری کے بغیر لاگو کیا اس آرڈر کا سفارشات سے کوئی تعلق نہیں ہے، اس لئے معاملے کا تفصیلی جائزہ لینے کیلئے مزید وقت دیا جائے۔ واضح رہے کہ گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت کے کیس کی سماعت پندرہ نومبر کو ہوگی، عدالت پہلے ہی وفاق کی عدم دلچسپی پر برہمی کا اظہار کرچکی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں