797

وفاقی حکومت نے گلگت کے ایرمکس گیس پلانٹ منصوبے پر کام کا آغاز کرنے کیلئے گرین سگنل دیدیا

اسلام آباد وفاقی حکومت نے گلگت کے ایرمکس گیس پلانٹ منصوبے پر کام کا آغاز کرنے کیلئے گرین سگنل دیدیا ہے جس کے بعد سوئی ناردرن گیس کمپنی نے ٹینڈر جاری کرنے کی تیاریاں شروع کردی ہیں تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن سے سوئی ناردرن گیس کمپنی کے جنرل منیجر آصف اکبر خان نے ملاقات کی ،ملاقات میں گلگت شہر کے لئے ایر مکس گیس پلانٹ منصوبے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ، جنرل منیجر آصف آکبر خان نے کہا کہ گلگت بلتستان حکومت کی کوششوں اور وفاقی حکومت کے بروقت تعاون سے اس منصوبے کے حوالے سے موجود تمام قانونی رکاوٹیں دور ہو چکی ہیں اور ہمیں اس منصوبے کو جلد شروع کرنے کے احکامات موصول ہو چکے ہیں جس کی روشنی میں اگلے دو ہفتوں میں اس منصوبے کیلئے ٹینڈر ہوں گے اور فوری کام شروع ہو گا کمپنی کی کوشش ہوگی کہ 6ماہ میں منصوبہ مکمل ہو اور گلگت شہر کے لئے گیس کی سپلائی شروع ہو ،وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کمپنی اس بات کویقینی بنائے کہ منصوبے پر کام بروقت شروع اور مکمل ہو چونکہ میں بارہا مختلف فورمز پر یہ بات کہہ چکا ہوں کہ گلگت بلتستان میں متبادل ایندھن کے ذرائع نہ ہونے کہ وجہ سے جنگل کی کٹائی میں اضافہ ہو رہا ہے اور سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کی وجہ سے ایندھن کی کمی کا سامنا ہے اس لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ شہری آبادی کے لئے گیس سستے داموں اور آسانی سے فراہم ہو گلگت بلتستان میں گیس کی سہولت نہ ہونے کہ وجہ سے لوگ گیس سلنڈر خریدنے پر مجبور ہیں اور ایک غریب خاندان اس کا متحمل نہیں ہو سکتا ہے کہ ہر ماہ آٹھ سے دس ہزار صرف سلنڈر کی مد میں خرچ کرے اگر گلگت میں ایر گیس پلانٹ مکمل ہوتا ہے تو ہر گھر کیلئے ماہانہ کم از کم چھہ سے آٹھ ہزار کی بچت اور پائب لائن سے ہر گھر میں گیس کی فراہمی ممکن ہوگی ،ملک کے دیگر شہروں میں گھریلو صارفین جس ریٹ سے گیس کے بل دیتے ہیں وہی ریٹ گلگت کے لئے بھی ہوں گے ،اس منصوبے میں مقامی سطح پر جو مشکلات درپیش تھیں انہیں حکومت نے دور کر دیا ہے اس لئے ہم چاہتے ہیں کہ پہلے مرحلے میں گلگت میں یہ سہو لت فراہم ہو اور اس کے بعد گلگت بلتستان کے تمام شہروں میں پلانٹ لگائے جائیں اس کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں کے عوام کیلئے حکومت کی طرف سے گیس سلنڈر پر سبسڈی دی جائے تاکہ عوام کے لئے ایک طرف سے ایندھن کے حصول میں آسانی ہو اور دوسری طرف جنگل بھی محفوظ ہوں تاکہ موسمیاتی تبدیلوں سے رونما ہونے والی تباہی سے بھی بچ سکیں ،وزیر اعلی نے کہا کہ چونکہ اس منصوبے میں جو رکاوٹیں آئیں تھیں وہ گلگت بلتستان حکومت نے دور کر دیں ہیں اس لئے جلد از جلد کام شروع کیا جائے اور حکومت گلگت بلتستان کو سوئی ناردرن کمپنی ایک ہفتے کے اندر ورک پلان فراہم کرے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں