750

گلگت بلتستان میں جاری ترقی کے سفر کو متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا ،نگران وزیراعظم جسٹس (ر)ناصرالملک

اسلام آباد(پ ر)وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے نگران وزیراعظم جسٹس (ر)ناصرالملک سے ملاقات کی جس میں انہوں نے نگران وزیراعظم کو گلگت بلتستان کی موجودہ صورتحال اور فوری حل طلب مسائل سے آگاہ کیا اس موقع پر وزیراعظم کے سیکرٹری اور سابق چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کاظم نیاز بھی موجود تھے جنہوں نے گلگت بلتستان حکومت کی جانب سے قیام امن اور سیاحت کے فروغ کیلئے کیے جانیوالے اقدامات سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے وزیراعظم سے کہا کہ ہمیں اس وقت 50سے 60ہزار بوری گندم کی کمی کا سامنا ہے اس مسئلے کا فوری حل انتہائی ناگزیر ہے چونکہ گلگت بلتستان میں اس وقت کٹائی کا موسم چل رہا ہے اور تمام اضلاع کے عوام آٹا اور گندم خرید کر استعمال کر رہے ہیں وزیراعلیٰ نے سوست بارڈر پر پیش آنے والے واقعات اور تاجروں کو درپیش مسائل اور ان کا حل نکالنے کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ تاجر برادری ایک عرصہ سے احتجاج پر ہے جس سے ملک کا معاشی نقصان ہو رہا ہے اور تاجروں کی معاشی حالت بھی ابتر ہوتی جا رہی ہے وزیراعلیٰ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ گلگت بلتستان آرڈیننس کا فوری اطلاق یقینی بنانے اور عملدرآمد کیلئے بھی وفاقی حکومت کردار ادا کرے تا کہ اس آرڈیننس کے ثمرات جی بی حکومت اور عوام کو فوری میسر آ سکیں اس موقع پر وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے یقین دلایا کہ ان کی جانب سے گلگت بلتستان حکومت کے مسائل حل کرنے کی فوری کوشش کی جائے گی اور مذکورہ بالا مسائل کے حل کیلئے اقدامات کیے جائیں گے وزیراعظم نے یقین دلایا کہ گلگت بلتستان میں جاری ترقی کے سفر کو متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا اور وفاقی حکومت گلگت بلتستان حکومت کی ہر ممکنہ معاونت کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں