650

گلگت بلتستان کو 5سال کیلئے ٹیکس چھوٹ

اسلام آباد(نیوزایجنسیاں) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے غیر معمولی اجلاس میں گلگت بلتستان کو پانچ سالہ ٹیکس چھوٹ دینے،کونسل کو مشاورتی ادارے کی حیثیت دے کر برقراررکھنے جبکہ خطے کو مزید مالی و انتظامی اختیارات دینے پر اتفاق کیاگیا، اجلاس میں فاٹا اصلاحات اور خیبر پختونخواہ میں انضمام کے فیصلوں کی توثیق کی گئی پلاننگ کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین سرتاج عزیز نے کمیٹی کو گلگت بلتستان کے آئینی اصلاحات پر بریفنگ دی ،کمیٹی نے گلگت بلتستا ن کے عوام کی امنگوں کے مطابق سفارشات کا جائزہ لیا اور یہ اتفاق کیاگیا کہ گلگت بلتستان کو 5سال کیلئے ٹیکس چھوٹ دی جائے گی جبکہ کونسل برقرار رہے گی ،اس کو مشاورتی ادارے کی حیثیت دی جائے گی ،کمیٹی نے اعادہ کیا کہ پاکستان خطے اور اس سے آگے امن و سلامتی کے لئے کردار ادا کرتا رہے گا ۔ ہفتہ کو وزیر اعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال ، وزیر دفاع و خارجہ امور خرم دستگیر خان ، وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ، نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباس ، ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار سمیت سینئر سول و عسکری رہنمائوں نے شرکت کی ۔ کمیٹی نے کشمیر اور فلسطین پر پاکستان کے اصولی موقف پر اطمینان کا اظہار کیا منصوبہ بندی کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین سرتاج عزیز نے کمیٹی کو آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان اصلاحات پر بریفنگ دی ۔ قومی سلامتی کمیٹی نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو مزید انتظامی اور مالی اختیارات دینے پر اتفاق کیا ۔ اجلاس میں گلگت بلتستان کو 5 سالہ ٹیکس چھوٹ دینے پر اتفاق کیا گیا اور فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کے معاملے پر بھی غور کیا گیا ۔ وزیر اعظم نے کمیٹی کو بتایا کہ سیاسی مشاورت میں فاٹا کے خیبر پختونخوا میں ضم ہونے پر اتفاق ہے جس پر قومی سلامتی کمیٹی نے فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کی توثیق کر دی ۔ کمیٹی نے متعلقہ وزارتوں کو آئینی ، قانونی اور انتظامی طریقہ کار طے کرنے کی ہدایت کر دی اس کے ساتھ ساتھ فاٹا کے لئے اضافی ترقیاتی فنڈز فراہم کرنے کی بھی توثیق کر دی یہ فنڈزخیبر پختونخواکے کی دوسرے حصے میں خرچ نہیں کئے جا سکیں گے ۔ وزارت داخلہ کی جانب سے سیاحوں اور تاجروں کے لئے ویزہ کے عمل کو آسان بنانے پر بریفنگ دی گئی جس پر کمیٹی کی جانب سے جائزہ لیا گیا اور پالیسی مزید بہتر بنانے کے بعد اگلی میٹنگ میں پیش کرنے کی ہدایت کر دی گئی ۔ وزارت خارجہ کی جانب سے اجلاس کو علاقائی اور عالمی سلامتی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ کمیٹی میں اعادہ کیا گیا کہ پاکستان خطے اور اس سے آگے امن و سلامتی کے لئے کردار ادا کرتا رہے گا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں