589

گلگت بلتستان کے آئینی حقوق کے معاملے میں عمران خان نے اپنی اصلیت اور خصلت دونوں دکھا دی

گلگت (پ۔ر) پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صوبائی صدر امجد حسین ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے آئینی حقوق کے معاملے میں عمران خان نے اپنی اصلیت اور خصلت دونوں دکھا دی۔گلگت بلتستان کے عوام کو عمران خان سے کوئی امید تھی ہے اور نہ ہوگی۔عمران خان پر کشمیری لابی حاوی ہے اور انہوں نے عمران خان کو یرغمال بنایا ہوا ہے انہیں گلگت بلتستان کے اہم ترین معاملات سے کوئی دلچسپی نہیں ہے اس طرح کے اہم معاملات کے حل کے لئے ذوالفقار علی بھٹو جیسے جرآت مند رہنما کی ضرورت ہے۔عمران خان وزارت اعظمی کے طلبگار تھے انکی یہ خواہش پوری ہوگئی اب انہیں عوام سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔گلگت بلتستان کے عوام کو اب بھی سپریم کورٹ آف پاکستان سے امیدیں ہیں امید ہے کہ سپریم کورٹ گلگت بلتستان کے آئینی حقوق کے حوالے سے اہم اقدامات اٹھائے گی اگر سپریم کورٹ نے بھی گلگت بلتستان کے حوالے سے اقدامات نہ کئے تو پھر یہاں کے نوجوانوں میں شدید مایوسی پھیلے گی۔کشمیری جتنی جدوجہد گلگت بلتستان کو حقوق سے محروم رکھنے کے لئے کر رہے ہیں اگر اتنی مسئلہ کشمیر کے لئے کرتے تو اب تک وہ آزاد ہو چکا ہوتا۔کشمیری دوسرے ایجنڈے پر کاربند ہیں جبکہ گلگت بلتستان کے محب وطن عوام پاکستان کے ساتھ الحاق چاہتے ہیں اگر اس کے باوجود بھی گلگت بلتستان کو بنیادی اور آئینی حقوق نہ ملے تو پھر خطے میں سخت مایوسی اور اضطراب پیدا ہوگا۔گلگت بلتستان کے عوام نے ستر سال محرومیاں برداشت کی ہیں اب اس خطے کو مزید محروم رکھنا کسی بھی طرح سے مفاد میں نہیں ہے کیونکہ گلگت بلتستان کی نوجوان نسل خطے کے آئینی مستقبل کے حوالے سے بہت فکر مند ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں