705

گلگت بلتستان کے مسائل کو ہر فورم پر اٹھایا جائے گا، بلاول بھٹو

ہنزہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے گلگت بلتستان کیلئے جو تحفے دیے تھے ہم ان کی حفاظت کرینگے چاہے وہ تحفے گندم سبسڈی کی شکل میں ہو یا حق ملکیت و حق حاکمیت کی شکل میں، ہنزہ التت میں عوامی اجتماع سے خطا ب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ گلگت بلتستان کے مسائل کو ہر فورم پر اٹھایا جائے گا، سابق صدر پاکستان آصف زرداری نے صدارتی آرڈیننس کے ذریعے گلگت بلتستان کو پہلی مرتبہ اختیارات دیے ، اب ہم سب مل کر عوام کے حق کیلئے لڑیں گے، سی پیک میں گلگت بلتستان کو یکسر نظر انداز کیاگیا ہے یہ انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے گلگت بلتستان کو سی پیک میں حق دلانے کیلئے قومی سطح پر آواز بلند کی جائے گی اب یہاں کے حقوق کی جنگ لڑنا ہماری اولین ترجیح ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی واحد پارٹی ہے جو غریبوں کی پارٹی ہے اورغریب عوام کیلئے کام کرتی ہے، گلگت بلتستان کے ساتھ پیپلزپارٹی کا رشتہ بہت پرانا ہے ہمارا رشتہ تاریخی ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو جب یہاں آئے تو انہوں نے یہاں سے ایف سی آر کا کالا قانون ختم کرکے عوام کا ان کا حق دیا۔ اس سے قبل چیئرمین پی پی بلاول بھٹو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہنزہ پہنچے تو پاکستان پیپلزپارٹی کے عہدیداروں اور جیالوں نے ان کا بھرپور استقبال کیا،بلاول ہنزہ کے تاریخی گائوں التت گئے جہاں ایک ثقافتی شو میں شرکت کی، ثقافتی شو کے دوران بزرگ شہریوں نے علاقائی رقص پیش کیا، اس موقع پر بلاول بھٹو کو ٹی ایم ایس التت کے صدر عمران کریم اور صدر پی پی ہنزہ ایڈووکیٹ ظہور کریم نے علاقائی ٹوپی اور چوغہ پہنایا، ثقافتی تقریب کے موقع پر علاقائی دھنوںپر پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنمائوں قمر زمان کائرہ، نیئر بخاری اور دیگر نے بھی رقص کیا، بلاول بھٹو نے ہنزہ التت کے مقام پر صدیوں سال پرانے گھروں کا بھی معائنہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں