800

KIUمیں پرعزم پاکستان مہم کے حوالے سے ورکشاپ کا انعقاد

گلگت(پ ر) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی گلگت میں شعبہ ابلاغیات اور وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات کے زیر اہتمام پر عزم پاکستان مہم کی مناسبت سے ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ کا مقصد طلبہ کو دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف فلم اور ڈاکو منٹریز بنانے کے طریقہ ہائے سے آگاہ کرنا تھا، ورکشاپ میں شعبہ ابلاغیات،تعلیم اور دیگر شعبہ جات کے طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے پر عزم پاکستان مہم کے انچارج محمد اکمل خان نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی اور انتہا پسندی گزشتہ کچھ ادوار کا سلگتا ہوا موضوع رہا ہے، جس میں 70 ہزار سے زائد بے گناہ افراد شہید ہوگئے اور ایک لاکھ کے قریب لوگ زخمی ہوکر اپاہج زندگی گزاررہے ہیں، بدقسمتی سے میڈیا اس دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف اپنا مثبت کردار ادا کرنے سے قاصر ہیں جس کی وجہ سے میڈیا میں دہشتگردی کے خلاف لڑنے والے اور اپنی قربانیاں دینے والوں کا مواد سامنے نہیں آتا، جو دہشتگردوں کی حوصلہ افزائی اور قربانی دینے والوں کی حوصلہ شکنی کے مترادف ہے، گلگت بلتستان میں سینکڑوں ایسے کردار موجود ہیں جنہوں نے سلگتے حالات میں دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ لڑی ہو جن میں گلگت کا غلام سرور اور چلاس کا عبدالمجید جیسے لوگ موجود ہیں۔انہوں نے کہاکہ طلباء و طالبات ایسے کرداروں پر ڈاکومنٹری بناکر پر عزم پاکستان میں شریک ہوجائیں، جس کیلئے 15 لاکھ روپے بطور انعام مختص کردیے گئے ہیں تاکہ یہ پیغام عام ہوجائے کہ پاکستان میں اب دہشتگردی کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے شعبہ ابلاغیات کے ہیڈ عنایت اللہ سخاوت نے کہا کہ جدید دور میں میڈیا کی اہمیت سے کوئی انکار نہیں کرسکتا ہے، اگر میڈیا کو مثبت پیغام عام کرنے کیلئے استعمال کیا جائے تو یہ حقیقی صحافت کہلائے گی کیونکہ میڈیا کا ایک اہم اور بنیادی زمہ داری لوگوں کو تعلیم دینا بھی ہے، طلباء کیلئے ورکشاپ کا انعقاد کرنے پر پر عزم پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ورکشاپ میں فیضان گل نے فلم میکنگ کے حوالے سے تکنیکی امور سے آگاہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں