784

امن کی راہ میں رکاوٹیں کسی صورت برداشت نہیں کریں گے،فورس کمانڈر

چلاس فورس کمانڈر گلگت بلتستان میجر جنرل احسان محمود خان نے چلاس سرکٹ ہائوس میں دیامر پریس کلب کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج کو دیامر کا امن عزیز ہے،امن کی راہ میں رکاوٹیں کسی صورت برداشت نہیں کریں گے اور امن پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ دیامر میں موجود شرپسند عناصر خود کو علماء اور جرگے کے حوالے کریں ورنہ دوسرا راستہ اختیار کرنا ہمیں بھی آتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دیامر میں موجود شرپسندوں نے اگرخود کو قانون کے حوالے نہیں کیا تو ان کی سرکوبی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ دیامر کے صحافی مثبت رپورٹنگ کررہے ہیں لیکن شرپسند وں کی جانب سے منفی خبریں علاقے کو بدنام کررہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دیامر کے لوگ محب وطن ہیں یہاں کے لوگوں کی روایات اور کلچر منفرد ہے ۔انہوں نے کہا کہ دیامر کے صحافیوں کے تمام مسائل حل کرنے کیلئے بھرپور کوشیش کریں گے۔ دوسری جانب کیڈٹ کالج میں طلباء سے خطاب کرتے ہوئے فورس کمانڈر میجر جنرل احسان محمود خان نے کہا کہ کیڈٹ کالج چلاس دیامر کا تابناک مستقبل ہے ،یہاں کے زیر تعلیم بچے مستقبل کے معمار ہیں ،علم سے بڑی دولت دنیا میں نہیں ہے ۔طلبہ شارٹ کٹ کی بجائی جہد مسلسل کے ذریعے آگے بڑھیں ،ہر بڑا آدمی مسلسل جدو جہد کا نشان ہوتا ہے۔فورس کمانڈرمیجر جنرل احسان محمود نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ کیڈٹ کالج چلاس نے اپنے بہتر نتایج کے ذریعے ملکی سطح پر اپنا نام روشن کیا ہے۔کیڈٹ کالج کے طلباء کل کے قائد اعظم ،اقبال،ابن رشدی اور خوارزمی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کیڈٹ کالج چلاس کے طلبہ ہمارے مستقبل ،اُمید اور قوم کے محافظ ہیں ،طلبہ بلوچی،سندھی،پنجابی،گلگتی اور چلاسی نہیںصرف اور صرف پاکستانی ہیں ۔انہوں نے عارضی عمارت میں چلنے والے کالج کے پرنسپل لیفٹیننٹ کرنل شاہد کی انتھک کوششوں اور بہتر انتظامات کو سراہتے ہوئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں تبدیلی تعلیم کے ذریعے ہی ممکن ہے۔فورس کمانڈر نے خطاب کے بعد کیڈٹ کالج کی عارضی عمارت کا دورہ کیا ،اس موقع پر پرنسپل کیڈٹ کالج چلاس لیفٹیننٹ کرنل شاہد نے کیڈٹ کالج کی تعمیر کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔ دریں اثناء فورس کمانڈر میجر جز ل احسان محمود خان سے انجمن معذوران کے وفد نے ملاقات کی ۔ملاقات میں انجمن معذوران کے صدر رفیع اللہ آفریدی نے معذوروں کے مطالبات پیش کیئے۔اس موقع پر فورس کمانڈرمیجر جزل احسان محمود نے معذوروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معذوروں کے تمام مطالبات کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائیگا اور چلاس سمیت گلگت بلتستان کے دیگر اضلاع میں معذوروں کیلئے ووکیشنل سینٹرز کا قیام عمل میں لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کیڈٹ کالج چلاس میں معذور افراد کے بچوں کو مفت تعلیم دلانے کیلئے کوشش کریں گے اور معذوروں کے علاج و معالجہ کیلئے بھی بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے۔فورس کمانڈر نے مزید کہا کہ پاک فوج معذور افراد کیساتھ کھڑی ہے،معذور معاشرے کا اہم حصہ ہیں ۔فورس کمانڈر نے اس موقع پر معذور افراد کیلئے نقدی گرانٹ بھی دے دیا،جس پر انجمن معذوران نے فورس کمانڈر کا شکریہ ادا کیا۔ فورس کمانڈرگلگت بلتستان میجر جزل احسان محمود خان نے چلاس تھک داس کا بھی دورہ کیا اور وہاں پر مقامی آفراد سے گھل مل گئے ،فورس کمانڈر نے بعد ازاں واپڈا ماڈل کالونی چلاس کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر واپڈا حکام نے فورس کمانڈرمیجر جزل احسان محمود کو واپڈا کالونی کے حوالے سے بریفنگ دی ۔فورس کمانڈر نے تھور واپڈا کالونی کا بھی دورہ کیا اور ہربن تھور حدود تنازعہ والی جگہ بھی پہنچ گئے اور عوامی مسائل سن لیئے۔فورس کمانڈر نے بعد ازاں چائنیز کیمپ کا بھی ویزٹ کیا۔چلاس سرکٹ ہائوس میں فورس کمانڈر نے مختلف وفود سے الگ الگ ملاقاتیں کی اور ان کے مسائل سنیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں