717

عمران خان نے کراچی کو عظیم شہر بنانے کیلئے دس نکاتی ایجنڈے کا اعلان

کراچی (آئی این پی )پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کراچی کو عظیم شہر بنانے کیلئے دس نکاتی ایجنڈے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ کراچی میں طاقتور میئر لانا پہلا، سرکاری سکولوں کو ٹھیک کرنادوسرا ، صحت کا نظام بہتر کرنا ، پولیس کا نظام بہتر کرنا چوتھا ، شہر کے کاروباری حلقہ اور صنعتکاروں کو خوشگوار ماحول کی فراہمی پانچواں ، بجلی کا نظام کی درستگی چھٹا ،نوجوانوں کے لئے کھیلوں کے گرائونڈ بنانا ساتواں، کراچی کے ماحولیاتی نظام کی بہتری آٹھواں،سیوریج سسٹم کی بہتری ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی نواں اور سرکلر ریلوے کا نظام لانا دسواں نکتہ ہے ، نواز شریف تاریخ کا حصہ بن چکا ہے تھوڑے دنوں میں وہ اڈیالہ جیل سے تقریریں کرے گا ، نواز شریف نے انٹرویو میں کہا کہ ممبئی حملوں میں ملوث لوگ پاکستان سے گئے تھے ، پوچھتا ہوں چار سال وزیراعظم رہنے کے باوجود ان مجرموں کو کیوں نہیں پکڑا ، وہ مودی کی زبان بول رہاہے، نواز اور زرداری ذاتی مفاد کے لئے ملک کو بھی تباہ کر سکتے ہیں ، فوج نے ماضی میں غلط کام کئے تھے جس پر میں نے سب سے زیادہ تنقید کی تھی کہ فوج کو قبائلی علاقوں میں نہیں جانا چاہیے ،جب فوج کو اپنے لوگوں پر حملے کا حکم دے گی تو وہاں پر انسانی حقوق کی خلاف ورزی تو ہو گی ، فوج کی مخالفت پرمجھے طالبان خان کہا گیا، آج پشتون تحفظ موومنٹ وہی باتیں کہہ رہی ہے جو پہلے میں کہتا تھا ، ہم پاکستان کو عظیم پاکستان بنانے کا خواب پورا کر سکتے ہیں،کرپشن پر قابو پائے بغیرملک ٹھیک نہیں ہو سکتا، بے بی بلاول کہتا ہے عمران کو ووٹ نہ دینا ورنہ یہ دوسرا الطاف بن جائے گا ،بے بی بلاول اپنے والد سے پوچھو رائو انوار نے نقیب اللہ کو قتل کیوں کیا ، ہم سندھ میں پولیس کا نظام ٹھیک کرینگے تو رینجرز کی ضرورت نہیں رہے گی۔وہ ہفتہ کو یہا ں کراچی کے الہ دین پارک میں عوامی جلسہ سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس دوران چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ اس شاندار استقبال پر دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ آج میں آپ کے سامنے کراچی کے لوگوں کے لئے دس نکات ر کھے ہیں جن سے اس شہر کو عظیم شہر بنایاجائے گا ۔ آپ پاکستان کے سب سے زیادہ باشعور لوگ ہو ، پاکستان کی سب تحریکیں یہی سے شروع ہوئی تھیں ۔ پاکستان کے مسائل کے لئے سب سے پہلے کراچی کے لوگ آواز اٹھاتے تھے ۔ یہ منی پاکستان ہے اور فنانشل حب ہے ۔ کراچی کو چھینک آئے تو پاکستان کو ٹھنڈ لگ جاتی ہے ۔ عمران خان نے کہا کہ میری زندگی سے آپ نے یہ سیکھنا ہے کہ بڑی سوچ رکھوں بڑے خواب دیکھو ۔ میرے سے زیادہ ٹیلنٹ والے لوگ بھی موجود تھے مگر میں کامیاب اس لئے ہوا کیونکہ میری سوچ بڑی تھی ۔ میں نے زندگی میں کبھی ناکامی کا سوچا ہی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں دنیا کا سب سے بہترین آل رائونڈر رہا ہوں ۔ ٹیم کا کپتان بن کر ورلڈ کپ لانے کا خواب دیکھا اور اس خواب کو پورا کیا ۔ ہسپتال بنانے میں نو سال لگے مگر کامیاب ہوا ۔ میانوالی کے دیہات میں نمل یونیورسٹی بنائی ۔ سیاسی پارٹی بنانے پر بھی دس سال تک تنقید کا نشانہ بنتا رہا مگر میں نے ہمت نہیں ہاری ۔ عمران خان نے کہا کہ آپ لوگوں کو بھی بڑے خواب دیکھنے چاہیے ۔ پاکستان کو بڑے خواب دیکھنے والے علامہ اقبال کی سوچ پر بنایا گیا ۔آپ جو چاہیں بن سکتے ہیں مگر اس حساب سے اپنے خوابوں کو وسیع کرنا ہو گا ۔ ایوب خان امریکہ گیا تو وہاں کا صدر اس کو ائیر پورٹ پر لینے آیا ۔ میں انگلینڈ میں یونیورسٹی میں پڑھتا تھاسارا یورپ بنا پاسپورٹ کے پھرا ۔ آج ہمارے وزیر اعظم کے امریکہ کے ائیر پورٹ پر کپڑے اتارے گئے ۔ عمران خان نے کہا کہ ہم پاکستان کو عظیم پاکستان بنانے کا خواب پورا کر سکتے ہیں ۔ خدا نے ہمیں موقع دیا ہے ہم اس موقع پر ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں ۔ یہ قائد کا پاکستان نہیں ہے ۔ ہمیں مہاجر پٹھان سندھی کی تقسیم ختم کرنی ہو گی ۔ میرے سامنے کراچی تباہ ہو گیا ۔ انہوں نے کہا کہ دبئی کے شیخ کراچی میں چھٹیاں منانے آیا کرتے تھے ۔ رات کے وقت بھی کراچی کی سڑکوں پر لوگ بلا خوف و خطر پھرا کرتے تھے ۔ پاکستان کو تباہ کرنے والا لندن میں بیٹھا ہوا ہے ۔ اندرون سندھ دنیا کا غریب ترین علاقہ بن چکا ہے ۔ یہاں ایک چھوٹا طبقہ امیر ترین ہے ۔سندھ کے حکمران خود تو بہت امیر ہیں مگر غریب مر رہے ہیں ۔ یورپ اور سکینڈی نیون ممالک میں جو جانوروں کے حقوق ہیں یہاں وہ حقوق انسانوں کو بھی نہیں ملتے ۔ یہاں لوگ گندے پانی کے ساتھ چھوٹی چھوٹی جھگیوں میں رہتے ہیں ۔ صاحب اقتدار یہاں بے حس ہیں ۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ جہاں غریبوں کے سمندر میں تھوڑے سے امیر ہوں وہ ملک کبھی ترقی نہیں کر سکتا ۔ چائنہ نے 30 سالوں میں 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا ہے ۔ مدینہ کی ریاست میں ہمارے نبی اکرم محمدۖ نے دنیا کی تاریخ میں پہلی فلاحی ریاست قائم کی ۔ عمران خان نے کہا کہ یہاں ہمیں کرپشن پر قابو پانا ہے ورنہ یہ ملک کبھی ٹھیک نہیں ہو سکتا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں