نوازشریف کے ساتھ ساتھ شہباز شریف کے گرد بھی احتساب کا گھیرا تنگ ہوتا جارہا ہے، پنجاب حکومت کا کمپنی اسکینڈل اور سانحہ ماڈل ٹاؤن سمیت کئی مقدمات چھوٹے میاں صاحب کےلیے بھی پریشانی کا باعث بن سکتے ہیں۔
ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کیس میں نوازشریف کو سزا تو سنادی گئی لیکن کیا شہبازشریف کے گرد بھی گھیرا اب ہوگا تنگ ؟سوالات اٹھنے لگے ، بڑے میاں صاحب کے کیسوں کی گونج اپنی جگہ لیکن چھوٹے میاں تک بھی احتساب اداروں کا ہاتھ پہنچنےوالاہے، بات صاف پانی کمپنی کیس کی ہو یا آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل کی ، عوامی منصوبوں میں بچت کاکریڈٹ لینے والے شہبازشریف کے خلاف ان کے اپنے مہرے انگلیاں اٹھانےلگے ہیں ۔
آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں پیشی کے موقع پر فواد حسن فواد نے تو معاہدے منسوخ کرنے کا ذمہ دار شہبازشریف کو ٹھہرا دیا ۔
فوجداری مقدمات میں جعلی پولیس مقابلے ہوں یا سانحہ ماڈل ٹاؤن شہباز شریف کو اب بھی ایسے کئی مقدمات اور الزامات کا سامنا ہے، یہ معاملات زیر التوا ہونے کے باوجود شہباز شریف کےلیے خطرے کی تلوار ہیں ۔









