لاہور: رویت ہلال ریسرچ کونسل نے پیش گوئی کی ہے کہ رمضان المبارک 1439 ہجری کا چاند منگل کو پیدا ہوگا جس کے بعد پہلا روزہ جمعرات 17 مئی جبکہ عید الفطر16 جون کو منائی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق رویت ہلال ریسرچ کونسل کی سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کا چاند 15 مئی کی سہہ پہر4 بج کر 48 منٹ پر پیدا ہوگا، جسے 16 مئی بدھ کی شام غروب آفتاب کے وقت لاہور سمیت ملک کے تمام شہروں میں با آسانی دیکھا جاسکے گا۔ 16 مئی بدھ کی شام پاکستان کے تمام شہروں میں چاند کی عمر 26 گھنٹے سے زائد ہوگی، جس کی وجہ سے 29 شعبان المعظم کی شام رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں۔
رویت ہلال ریسرچ کونسل کے مطابق سب سے زیادہ فرق گوادر، جیوانی، پنجگور اور تربت میں 61 منٹ ہوگا، چاند کا زمین سے زاویائی فاصلہ کم ازکم 6 ڈگری اور چاند کا سورج سے زاویائی فاصلہ کم ازکم 10 ڈگری ہونا چاہیے۔ ماہرین کے مطابق شوال کا چاند 29 رمضان المبارک بمطابق 14 جون کو دکھائی نہیں دے گا، اس سال 30 روزے ہوں گے اور عیدالفطر 16 جون کو منائی جائے گی، چاند کی رویت کا شرعی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 16 مئی کو کراچی، زونل کمیٹیوں کے اجلاس صوبائی ہیڈکوارٹرز میں ہوں گے۔









