گلگت(پ ر)کمانڈرٹین کور لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا نے فورس کمانڈر ناردرن ایریا ز میجرجنرل ثاقب محمود ملک اور آئی جی گلگت بلتستان ثناء اللہ عباسی کے ہمراہ چلاس کا دورہ کیا۔ کمانڈر 10 Corps نے سیاسی عمائدین، معززین علاقہ اور سول انتظامیہ سے ملاقات کی۔کمانڈر ٹین کورنے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک مقامی لوگوںکے لئے بہترین مواقع فراہم کرے گا لیکن ایسے افسوس ناک واقعات اس پراجیکٹ پر منفی اثرات ڈال رہے ہیں ،اس کو روکنے کیلئے معززین علاقہ کو اپنا کردار نبھانا چاہئے ۔ جرگہ اور علاقے کے عوام کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی حمایت خوش آئیند ہے۔ عوام کی مدد سے شرپسند عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ کمانڈر نے کہا کہ ہمارا عزم علاقے میں سیکورٹی حالات کو بہتر بنانا اور داریل، تانگیر اور تمام دیامر کے لوگوں کی فلاح و بہبود ہے۔قانون نافذ کرنے والے ادارے حالات کی بہتری کے لئے دن رات کوشاں ہیں اور اس کام کے لئے وہ کوئی کسر نہ اْٹھا رکھیں گے۔ کمانڈر 10 Corpsنے یہ یقین دہانی بھی کروائی کہ شرپسند عناصر کو کسی بھی قسم کی چْھوٹ نہیں دی جائے گی۔ بعد ازاں کمانڈر 10 Corpsنے عمائدین علاقہ کی دعوت پر جلد داریل، تانگیر آنے کا وعدہ بھی کیا۔
682









