773

بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے مقبوضہ وادی میں قیمتی انسانی جانوں کے زیاں کا سلسلہ جاری ہے-سید علی گیلانی

مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے مقبوضہ وادی میں قیمتی انسانی جانوں کے زیاں کا سلسلہ جاری ہے اور اس خطے کو سخت غیر یقینی سیاسی صورتحال کا سامنا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سیدعلی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری بھارت کے جابرانہ اور غیر قانونی تسلط سے آزادی کے لیے ایک پرامن سیاسی جدوجہد کر رہے ہیں تاہم بھارتی حکمرانوں کی مسلسل ہٹ دھرمی اور جارحانہ طرز عمل کی وجہ سے کشمیری نوجوان ہتھیار اٹھانے پر مجبور ہیں۔انہوں کہا کہ کشمیری نوجوان قوم کے بہتر اور روشن مستقبل کیلئے اپنی اٹھی جوانیاں قربان کر رہے ہیں۔تحریک حریت جموںوکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے بھی اسلام آباد کتوال محلہ میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ی نوجوان ایک عظیم مقصد کے لیے اپنا گرم گرم لہوبہارہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ بھارت نے جموں کشمیر پرغاصبانہ قبضہ کرکے نہتے اور پْرامن کشمیریوں پرجنگ مسلط کی ہے اور کشمیری جوان تنگ آمد بجنگ آمد کے مصداق سرفروشی کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کی عظیم قربانیوں کی وجہ سے اس وقت مسئلہ کشمیر آج عالمی ایوانوں میں گونج رہا ہے اور دنیااسے ایک سنگین مسئلہ قرار دے رہی ہے۔محمد اشرف صحرائی نے کہا کہ بھارت تحریک آزادی کو دبانے کے لیے جموں کشمیر میں ظلم وستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے اور اسکی فورسز مقبوضہ علاقے کے اطراف و اکناف میں محاصروں، تلاشیوں، چھاپوں، گرفتاریوں، توڑ پھوڑ، گھیراؤ اور جلاؤ کی کارروائیاں کر رہی ہیں مگر اس کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ تحریک آزادی کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم کیے ہوئے ہیں۔انہوں نے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ بھارت کے مذموم منصوبوں کو ناکام بنانے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد میں اتحاد و اتفاق کو فروغ دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں